تمباکو کے استعمال سے سالانہ ایک لاکھ کروڑ روپے کا نقصان
ممبئی۔۔۔۔کینسر کے علاج کیلئے مشہور سرکاری ٹاٹا میموریل اسپتال نے تمباکو کے خلاف مہم جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تمباکو اور سگریٹ کے استعمال سے ہر سال 12لاکھ لوگوں کی موت ہورہی ہے اور ملک کی معیشت کو ایک لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کیلاش شرما نے بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق ملک میں 27کروڑ لوگ تمباکویا اس قسم کی دیگر اشیاء استعمال کرتے ہیں۔ اس سے ہرسال 12لاکھ لوگ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ڈاکٹر کیلاش نے کہا کہ ٹاٹا میموریل اسپتال تمباکو کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے 5.3کروڑ کسان تمباکو کی کاشت کرتے ہیں مگر اس کا فائدہ کسانوں کو نہیں ہورہا بلکہ تمباکو مصنوعات بنانے والی کمپنیاں مالا مال ہورہی ہیں۔