Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک ہی اہل تھا اسے نااہل کردیا،مریم نواز

لاہور... سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اورمسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر عوام کا یہی جذبہ رہا تو نواز شریف کو چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔جن لوگوں کے عدالتوں میں سالہا سال اور مہینوں سے مقدمات زیر التوا ہیں۔ میرا انہیں مشورہ ہے کہ نواز شریف کو فریق بنا لو ۔انکے مقدمات کے سالوں نہیں دنوں میں فیصلے ہوں گے۔ ( ن) لیگ اقلیتی ونگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ اور میں جس لیڈر کے ماننے والے ہیں وہ یہ کہتا ہے کہ ا نہیں اقلیت بھی مت کہو ،یہاں اقلیت اور اکثریت نہیں بلکہ پاکستان میں بسنے والے ہر مذہب کے لوگ صرف پاکستانی ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا نوا ز شریف کی نا اہلی کا فیصلہ منظور ہے ؟جس پر شرکاءنے بلند آواز میں ناں کہا ۔انہوں نے کہا کہ 2013ءمیں نواز شریف کو ٹوٹا پھوٹا پاکستان ملا تھا۔ اس وقت مساجد ، چرچوں اور عبادتگاہوں پر حملے ہوا کر تے تھے۔ وہ وقت یاد ہے اور آج کا وقت بھی دیکھ رہے ہو کتنا فرق آیا ہے۔ آپ کو کونسا پاکستان چاہیے۔ آپ کو وہ پاکستان چاہیے جس میں دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ رہی ہو اورکون ہے جس نے دہشتگردی پرکاری ضرب لگائی۔4سال کی انتھک محنت سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور کئے ۔ کون ہے جس نے سی پیک کا منصوبہ شروع کیا۔کون ہے جس نے موٹر ویز بنائیں ،کون ہے جس نے پاکستان کو معاشی استحکام دیا ؟۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ میں عوام ڈینگی سے مر رہے ہیں اور وہ لندن میں شادیوں کی تقریبات میں شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اس لئے نا اہل کیا گیا کیونکہ پورے پاکستان میں ایک ہی اہل ہے۔ نظر آرہا تھاکہ 2018ءکا انتخاب بھی نواز شریف جیت جائے گا ۔ اگر کسی کو شک تھا تو اب وہ بھی دورہو گیا ۔ اب 2018ءکا الیکشن نواز شریف ہی جیتے گا ۔ 17ستمبر کو ڈبے کھلیں گے تو ان میں سے شیر ہی نکلے گا ۔

 

شیئر: