پد ماوتی“ آئندہ برس ریلیز ہوگی
جمعرات 14 ستمبر 2017 3:00
فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی برصغیر کی ایک رانی پر بننے والی فلم’ ’پدماوتی“ آئندہ برس ریلیز کی جائے گی ۔ ”پدماوتی“ شروع سے ہی مسائل کا شکار رہی ہے۔پہلے شوٹنگ کے دوران بھی فلم ٹیم پر حملہ کرکے سیٹ توڑ دیا گیا تھاجبکہ اس کی کہانی کے خلاف بھی ہندو انتہاپسند تنظیم کی جانب سے ہندوستان بھر میں مظاہرے کئے گئے تھے۔خیال رہے کہ”پدماوتی“ کی کہانی چتور کی رانی”پدمنی“ کی زندگی پر مبنی ہے،اس کردارمیں اداکارہ دیپکا پڈوکون نظر آئیں گی۔فلم کی کہانی رانی پدمنی،دیپکا پڈوکون، ان کے شوہر راجہ راول رتن سنگھ،شاہد کپور اور علاء الدین خلجی ،رنویر سنگھ کے گرد گھومتی ہے، فلم میں رنویر سنگھ نے منفی کردار ادا کیا ہے۔خبریں تھیں کہ فلم میں رانی پدمنی اور علاءالدین خلجی کے بعض ناپسندیدہ مناظر پیش کیے جائیں گے، جس پرفلم کے خلاف مظاہرے کئے گئے تاہم سنجے لیلا بھنسالی نے بعد ازاں یقین دہانی بھی کروائی کہ وہ اور ان کی ٹیم فلم کی اچھی طرح تحقیق کررہی ہے اور فلم میں کسی قسم کے نامناسب مناظر نہیں فلمائے گئے۔ اس کے باوجود ہندو انتہاپسند تنظیم راجپوت کرنی سینا کی جانب سے فلم کی ٹیم کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔فلم کو رواں برس 17 نومبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اب خبریں ہیں کہ فلم کی شوٹنگ ابھی تک مکمل نہیں کی جاسکی چنانچہ’ ’پدماوتی“ کو آئندہ برس ریلیز کرنے کا منصوبہ بنالیاگیا۔ذرائع کے مطابق اب ”پدماوتی“ آئندہ برس 9 فروری کو ریلیزہوگی تاہم فلم کی ٹیم کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔