Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آفریدی اور یونس ایوارڈز تقریب میں شریک نہیں ہوئے

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی، یونس خان اور مصباح الحق کو ان کی خدمات پر خراج تحسین اداکرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بورڈ حکام کے رویے سے نالاں یونس خان نے تقریب میں شرکت سے صاف انکارکردیا تھا۔ دوسری جانب شاہد آفریدی نے بھی کہا کہ وہ افغان لیگ کی وجہ سے نہیں آ سکیں گے تاہم وہ آخری لمحات میں افغان لیگ سے دستبردار ہوگئے اور ورلڈالیون کا پہلا میچ دیکھنے لاہور پہنچ گئے تھے۔ اس سے یہ امکان پیدا ہوا کہ وہ ایوارڈز تقریب میں بھی شرکت کریں گے مگر ایسا نہیں ہو سکا۔اس حوالے سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق بورڈسے شاہد آفریدی کوفون کر کے کہا گیا تھا کہ وہ الوداعی تقریب نہیں چاہتے تو آزادی کپ سیریز کے تیسرے میچ سے قبل شائقین کے سامنے گراﺅنڈ کا چکر لگا کر ان کاشکریہ ادا کردیں، وہ اس پر آمادہ بھی ہو گئے مگر پھر ایک اعلیٰ عہدیدار کا فون آیا کہ تقریب میں آو وہاں ہم ایوارڈ اور انعام بھی دیں گے۔ جس کے بعد ہی گراونڈ میں راونڈ والی بات پوری ہو گی، وہ اس پر نہ مانے۔ پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ مصباح پاکستان کے کامیاب ترین کپتان ہیں ، یونس خان اور شاہد آفریدی بورڈ کے نہیں پوری قوم کے ہیروزہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان اور شاہد آفریدی بورڈ سے ناراض ہیں۔ یونس اور آفریدی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینا چاہتا تھا، ان کے نہ آنے کا دکھ ہے۔دونوں مجھے بہت پیارے ہیں،کاش یونس اور آفریدی یہاں آجاتے تو ہم انہیں انعام دیتے لیکن اب ان کی انعامی رقم کے 2کروڑ روپے ایدھی فاونڈیشن کو عطیہ کردیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان شاہد آفریدی اور یونس خان کو تقریب میں مدعو کیا تھا تاکہ پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات پر انہیں انعام و کرام سے نوازا جائے لیکن مختلف وجوہ کے سبب دونوں کھلاڑیوں نے تقریب میں شرکت نہیں کی۔

شیئر: