اسلام آباد...وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے طالبان کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کی افغانستان میں فوجی حل کی سوچ ناکام پالیسی کی عکاسی کرتی ہے۔ جنگ زدہ ملک میں امن کی بحالی کے لئے طالبان کے ساتھ بات چیت کی جانی چاہیے۔اسلام آباد میں وال ا سٹریٹ جرنل کو انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ اگر امریکہ خطے کے عسکریت پسند گروہوں میں اثرو رسوخ رکھنے والے ملکوں کے ساتھ ملکر کام کرے تو طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کا اہتمام کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ ناکام حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی اجلا س کے دوران اقوام متحدہ کے ارکان کو بتائیں گے کہ خطے میں امن بحال ہونا چاہیے۔ مسئلے کا طاقت کے ذریعے حل ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ، چین، امریکہ او ر افغانستان سمیت چار ملکی گروپ میں ایسے ملکوں کو شامل کیا جاسکتاہے جو طالبان میں اثرو رسوخ رکھتے ہیں۔