ریاض میٹرو کے مزید دو ٹریک آج سے کھولنے کا اعلان
اب مجموعی طور پر میٹرو کے پانچ ٹریک آپریشنل ہیں (فوٹو: اخبار 24)
ریاض رائل کمیشن نے ریاض میٹرو پروجیکٹ کے مزید دو ٹریکس اتوار 15 دسمبر سے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
ان میں’ریڈ ٹریک‘ کنگ عبداللہ روڈ پر کنگ فہد سپورٹس سٹی سے کنگ سعود یونیورسٹی تک 25.3 کلومیٹر طویل ہے، اس میں 15 سٹیشن ہیں جبکہ ’گرین ٹریک‘ کنگ عبدالعزیز روڈ پر وزارت تعلیم سٹیشن سے نیشنل میوزیم تک 12.9 کلو میٹر لمبی ہے، اس میں 12 سٹیشن شامل ہیں۔
یاد رہے کہ یکم دسمبر کو میٹرو پروجیکٹ کے 6 ٹریک میں سے پہلے مرحلے میں 3 ٹریکس کا افتتاح کیا گیا تھا۔ اب مجموعی طور پر میٹرو کے پانچ ٹریک آپریشنل ہیں۔
نئے کھولے جانے والے ٹریکس پر صبح چھ سے رات بارہ بجے تک مسافروں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
چھٹے ٹریک اورنج لائن پر سروس کا آغاز 5 جنوری 2025 سے کیا جائے گا جو مدینہ منورہ شاہراہ کے لیے ہے۔
ریاض میٹرو کے 6 ٹریکس ہیں جن کی مجموعی لمبائی 176 کلو میٹر ہے جبکہ سٹیشنز کی تعداد 85 ہے جن میں 4 مرکزی سٹیشنز شامل ہیں۔ریاض میٹرو کے 6 ٹریکس ہیں جن کی مجموعی لمبائی 176 کلومیٹر ہے جبکہ سٹیشنز کی تعداد 85 ہے جن میں 4 مرکزی سٹیشنز شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اپریل 2012 میں سعودی کابینہ نے ریاض میں ٹریفک کے رش کوکنٹرول کرنے کے لیے میٹرو منصوبے کی منظوری دی تھی جس کے بعد منصوبے پر کام شروع کردیا گیا تھا۔