اسلام آباد... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ این اے 120ضمنی انتخاب میں شکست تسلیم کرتے ہیں۔ الیکشن مہم دیر سے شروع کی اگر پہلے شروع کرتے تو نتائج مختلف ہوتے۔(ن) لیگ نے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا اس کے باوجود (ن) لیگ کو اتنے کم ووٹ پڑے۔ این اے 120میں ن لیگ کے 30فیصد ووٹ کم ہوئے ہیں۔ جن لوگوں نے (ن) لیگ کو ووٹ دیئے انہوں نے کرپشن کا ساتھ دیا۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں احتسابی عمل بہتر کیا۔ پرویز خٹک پر کرپشن کے الزامات لگے لیکن ثبوت نہیں ملے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ 3یونین کونسلر کے نتائج غیر معمولی ہیں۔ نتائج کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 2013ءکے بعد عوام کی سوچ میں بہت تبدیلی آئی ہے، این اے120مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے۔ اس کے باوجود (ن) لیگ کو ووٹ کم پڑا۔ نواز شریف کے گڑھ میں ان کا ووٹ کم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمجھتا ہوں کہ ہمارا ووٹ بڑھا ہے اور یہ ووٹ اور بڑھے گا۔ مسلم لیگ(ن) کوئی نظریاتی یا سیاسی جماعت نہیں ۔ یہ مفاد پرست لوگوں کا ٹولہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار سے کوئی رابطہ نہیں بلکہ مجھے ان پر غصہ ہے۔ چوہدری نثار نے ہم پر شیلنگ کرائی تھی۔ چوہدری نثار نے مریم نواز کے بارے میں جو کہا اس پر خوش ہوں۔ پارٹی میں آنے کے لئے کوئی بات نہیں ہوئی۔