گوجرانوالہ میں ڈکیتی: ڈاکو مچھلی، چکن پکوڑا، رائتہ اور سلاد لے اُڑے
بدھ 15 جنوری 2025 11:01
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
تکہ شاپ میں چوری کا واقعہ تھانہ اروپ کی حدود میں پیش آیا۔ (فوٹو: فائل)
جب بھی ڈکیتی کی کسی واردات کا ذکر ہوتا ہے تو عام طور پر یہ تاثر ہوتا ہے کہ ڈاکؤوں نے نقدی، موبائل فونز یا کوئی قیمتی اشیا چرائی ہو گی۔
لیکن حال ہی میں پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ڈکیتی کی ایک انوکھی واردات ہوئی جس میں ڈاکو کھانے پینے کی اشیا لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔
کھابوں اور پہلوانوں کے لیے جانے والے شہر گوجرانولہ میں چوروں نے ایک تکہ شاپ کا صفایا کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کے روز تھانہ اروپ کے علاقہ عالم چوک کے قریب پیش آیا۔
ڈاکو رات گئے تالہ توڑ کر ایک تکہ شاپ میں داخل ہوئے اور دوکان سے 25 کلو مچھلی،60 کلو چکن پکوڑا، دو پیٹی گھی،10 کلو رائتہ اور 4 کلو سلاد لے گئے۔
چور جاتے ہوئے تلائی کرنے والے 5 عدد پتیلے بھی لے گئے جو کافی قیمتی تھے۔
اروپ پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔