سمعی و بصری مفت مکالموں کیلئے اپیلی کیشنز پر پابندی ختم
ریاض.... انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن بورڈ کے ترجمان عادل ابو حیمد نے بتایا ہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو سمعی و بصری مفت مکالموں کیلئے تمام اپیلی کیشنز پر عائد پابندی اٹھا لی گئی۔ یکم محرم 1439ھ کو صبح سویرے سے صارفین کسی مخصوص اسکیم کے بغیر تمام اپیلی کیشنز سے سمعی و بصری مکالمے کرنے لگے۔ فیس ٹائٹ ، سنیپ چیٹ، اسکائپ، لائن، ٹیلی گرام اور ٹینگو وغیرہ اپیلی کیشن تمام صارفین کو مہیا ہیں۔ گنی چنی چند اپیلی کیشن ایسی ہیں جن پر پابندی برقرار ہے کیونکہ وہ انتظامی تقاضوں پر پوری نہیں اتریں۔ مواصلاتی کمپنیاں مستقبل میں انٹرنیٹ اور اضافی خدمات پیش کر کے اپنا کاروبار چلا سکیں گی۔ ترجمان نے بتایا کہ مواصلاتی پیکجز کے نرخوں میں کمی بیشی خدمات کی نوعیت اور سروس فراہم کرنے والوں کے درمیان مسابقت سے متاثر ہو گی۔