انتہا پسندی کو ناکام بنانے کیلئے گرفتاریاں ہوئیں، الجبیر
ریاض۔۔۔۔۔سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے واضح کیا ہے کہ انتہا پسندی پھیلانے کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے مشہور شخصیتوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ انہیں غیر ممالک سے مملکت میں انتہا پسندی پھیلانے کیلئے فنڈ ملے تھے۔ انہوں نے نیویارک میں امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ کو انٹرویودیتے ہوئے واضح کیا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک انتہاپسندی، دہشتگردی اور اشتعال انگیزی کو نظر انداز نہیں کرسکتا۔ ہم لوگ بھی سعودی عرب میں اسی اصول پر کارفرما ہیں۔ حالیہ ایام میں جن لوگوں کومملکت میں گرفتار کیا گیا ہے وہ انتہا پسندی کے پروگرام کے نفاذ پر عمل پیرا تھے اور لوگوں کو اشتعال دلا رہے تھے۔ یہ صورتحال ناقابل برداشت تھی۔ الجبیر نے گرفتاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہمیں رپورٹ ملی تھی کہ ان میں سے بعض غیر ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں جہاں سے انہیں مملکت کے امن و امان کو متزلزل کرنے کیلئے فنڈ مل رہے تھے۔ تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے ۔ مکمل ہوتے ہی تمام حقائق منظر عام پر لائے جائیں گے۔الجبیر نے گرفتار کی جانیوالی کسی بھی شخصیت کا نام نہیں بتایا۔