Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تلنگانہ این آر آئی فورم کے خدام الحجاج کی تقریب پذیرائی

ضیوف الرحمن کی خدمت کا اجر اللہ کے ہاں ملے گا، نائب صدر محمود مصری
جدہ ( امین انصاری ) تلنگانہ این آر آئی فورم نے امسال حج پر رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے والینٹیئرزکی پذیرائی کیلئے تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا ۔ تقریب کی صدارت فورم کے صدر محمد عبدالجبار نے کی جبکہ مہمان خصوصی جدہ کے معروف تاجر محمد نظام الدین تھے ۔ محمد عبدالرزاق نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے مہمانوں اور والینٹیئرز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ کارکن ضیوف الرحمان کی خدمت کا شرف حاصل کرکے آئے ہیں، ہم ان کی پذیرائی کیا کرسکتے ہیں کیونکہ یہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت اللہ کے بندوں نے کی ہم تو صرف ان سے دعائیں لینے کیلئے جمع ہیں ۔ محمد نظام الدین نے کہا کہ خدمت خلق سب سے بہترین عمل ہے۔ اپنی آخرت سنوارنے کیلئے ضیوف الرحمان کی خدمت باعث صد آفرین ہے ۔ انہوں نے آئندہ سال حجاج کی خدمت کیلئے اپنی جانب سے 20 وہیل چیئر دینے کا اعلان بھی کیا اور ہر ممکن تعاون کا بھی تیقن دیا ۔ سید ذیشان والینٹیئر نے کہا کہ شدت کی دھوپ کے باوجود پریشان حال حاجیوں کی خدمت کرتے ہوئے ہمیں یوں محسوس ہورہا تھا کہ اللہ نے ہمیں ان ضعیف لوگوں کی خدمت کیلئے چن لیا ہے ۔ ذیشان نے آئندہ سال رہائش اور وہیل چیئر کی بہتر سہولیات کے سلسلہ میں تنظیم کو اپنی رائے دی جسے صدر نے نوٹ کرلیا ۔ کلیم شاہ والینٹیئر نے کہا کہ لوگ جب گھبرا کر روتے ہوئے ہمارے دامن یا ہاتھ کو پکڑ کر ہمیں ان کی منزل تک پہنچانے کی اپیل کرتے تو دل میں آتا کہ انہیں ہوا میں اڑاتے ہوئے ان کی خیمہ تک پہنچا دیں ۔ محمد حنیف سینیئر والینٹیئر نے کہا کہ ہم کئی سال سے حجاج کی خدمت کررہے ہیں ،ہم نے اپنے ہاتھوں میں کئی حاجیوں کو دم توڑتے ہوئے بھی دیکھا ہے ،شدت دھوپ سے نڈھال اور بے بس حاجی حسرت بھری نگاہوں سے ہماری طرف مدد کیلئے دیکھتاہے تو دل شدت غم سے مغلوب ہوجاتا ۔ محمد اکبر نے کہا کہ تلنگانہ این آر آئی فورم جہاں حجا ج کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائی ہوئی ہے وہیں وہ ویلفیئر کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے ۔میرے عزیز کو قونصلیٹ سے جو مشکلات تھیں وہ انہوں نے اپنی صلاحیتوں سے پوری کیں جس کیلئے میں تنظیم کا مشکور ہوں ۔ مجلس اتحاد المسلمین کے سرگرم کارکن محمد ندیم عبدالباسط نے کہا کہ حاجیوں کی خدمت کسی انسان کے بس کی بات نہیں ۔یہ وہی کرسکتا ہے جس کے ساتھ اللہ کی نصرت شامل حال ہو۔ صدر تلنگانہ فورم محمد عبدالجبار نے کہا کہ یہ رضاکار نوجوان اپنی جان پر کھیل کر اللہ کے مہمانوں کی خدمت کرتے ہیں ۔ یقینا وہی رب کائنات اس کا اجر ہمیں آخرت میں دے گا ۔ انہوں نے ایک ایک والینٹیئر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی انتھک محنت نے حاجیوں کیلئے راحت کا سامان فراہم کیا ۔یہ بات سچ ہے کہ وسائل محدود تھے لیکن پھر بھی آپ کا تعاون ہمارے لئے باعث مسرت ہے ۔ ہم امید کرتے ہیں آئندہ بھی آپ کا تعاون یونہی تنظیم کے ساتھ رہے گا ۔ نائب صدر تلنگانہ فورم محمود مصری نے کہا کہ خادم الحجاج کو جو بھی اجر ملنا یا ان کی پذیرائی کرنا ہے وہ آخرت میں ملے گی ۔ہم تو آپکو د یکھ کر اپ جیسے بننے کی کوشش کرتے ہیں اور آپ سے دعائیں حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ انہو ںنے اس موقع پر تمام شرکاء، مہمانوں اور وا لینٹیئرز کا شکریہ ادا کیا ۔ فورم نے اس موقع پر تمام کارکنوں کو توصیفی سند عطا کی اور آئندہ بھی اپنی خدمات انجام دینے کی بھرپور امید ظاہر کی ۔ دریں اثناءتلاوت کلام پاک کے بعد راقم الحروف اور سید عبدالرافع نے بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا ۔

شیئر: