ریاض .... سعودی عرب کے بینکوں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بینک میں مرد و خواتین علیحد ہ برانچیں ختم کرکے ایک ساتھ کام کرنے کی افواہوں پر توجہ نہ دی جائے ۔ عاجل ویب نیوز نے سعودی بینکنگ کونسل کے ترجمان طلعت حافظ کے حوالے سے لکھا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر قطعی توجہ نہ دی جائے ۔ سعودی عرب میں بینکوں میں خواتین کے شعبے جدا ہیں جہاں اہلکار خواتین ہی ہیں ۔ ان مخصوص برانچوں میں مرد کارکنوں کا داخلہ قطعی طور پر منع ہے ۔ بینکوں میں جہاں خواتین کام کرتی ہیں انکے لئے مخصوص ماحول فراہم کیا جاتا ہے جو وزارت محنت کے قوانین کے عین مطابق ہے ۔ حافظ نے مزید کہا کہ اگر کسی بینک کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاتا ہے تو اسکے لئے باقاعدہ منصوبہ سازی کی جاتی ہے جس کے بعد اس کی منظوری ہو تی ہے اسی طرح ملازمین کے کام کے بارے میں بھی پہلے سے منصوبے مرتب کر کے انکی منظوری لی جاتی ہے ۔ واضح رہے سوشل میڈیا پر گزشتہ دنوں اس قسم کی افواہیں پھیلائی جارہی تھی جن میں کہا گیا تھا کہ آئندہ چند دنو ںمیں مملکت کے بینکوں میں خواتین کی شاخوں کو ختم کر دیا جائے گا اور مرد و خواتین ایک ہی بینک سے رجوع کر یں گے ۔