جو روٹ کے تیز ترین 4ہزار ون ڈے رنز
لندن:انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز جوروٹ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پانچویں میچ میں ایک روہ کرکٹ میں تیز ترین 4 ہزار رنز مکمل کرکے انگلینڈ کے پہلے اور دنیا کے تیسرے بلے باز بننے کا ریکارڈ بنالیا۔ساوتھمپٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں میچ میں جوروٹ نے 46 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ریکارڈ کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو فتح بھی دلائی۔جو روٹ سے قبل انگلینڈ کی طرف سے گراہم گوچ نے 108 میچوں میں تیز ترین 4 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ بنایا تھا۔روٹ نے 91 اننگز میں 10 سنچریوں اور 24 نصف سنچریوں کی مدد سے 4 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کر کے گراہم گوچ سے یہ ریکارڈ چھین لیا جبکہ انڈین کپتان ویرات کوہلی اور آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ویرات کوہلی اور ڈیوڈ وارنر نے 93 ایک روزہ اننگز میں 4 ہزار رنز مکمل کرکے مشترکہ طور پر تیسرا نمبر حاصل کیا تھا۔ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 4ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ کے پاس ہے جنھوں نے 81 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے عظیم سابق بلے باز ویون رچرڈز کے پاس تھا۔سر ویون رچرڈز نے 88 اننگز میں کیریئر کے 4 ہزار رنز مکمل کئے تھے جو اب ریکارڈ بک میں دوسرے نمبر پر ہیں۔جوروٹ ایک روزہ کرکٹ میں 4 ہزار رنز بنانے والے انگلینڈ کے دسویں بلے باز ہیں جبکہ این بیل 5416 رنز بنا کر سرفہرست ہیں۔ دوسرے نمبر پر سابق کپتان کولنگ ووڈ ہیں جنھوں نے 197 میچوں میں 5092 رنز بنائے ہیں۔