خواتین نے ڈرائیونگ سیکھنا شروع کردی
جدہ .... ڈرائیونگ کی اجازت ملنے پر بعض سعودی خواتین نے گاڑیوں کے امور و مسائل سے واقفیت جتانا شروع کردی۔ بعض خواتین اپنے بھائیوں او ربیٹوں کی مدد سے ڈرائیونگ سیکھنے میں لگ گئی ہیں۔یونیورسٹی کی طالبہ عبیر فرحان نے عکاظ اخبار سے گفتگو میں اعتراف کیا کہ اسے کار کی کوئی شد بد نہیں۔ اسے نہیں معلوم کہ گیئر کس طرح تبدیل اوربریک کیسے لگایا جاتا ہے۔ اسٹیئرنگ کس طرح سے تھاما جاتا ہے۔ اب وہ روزانہ اپنے بھائی سے یہ سب کچھ سیکھ رہی ہے۔کنگ عبداللہ یونیورسٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم مرام عبادی نے کہا کہ اسے اس کے بھائی نے ڈرائیونگ تو سکھا دی ہے البتہ اسے پارکنگ میں پریشانی ضرور ہوتی ہے۔ عکاظ اخبار کی خاتون ایڈیٹر نے پٹرول اسٹیشنوں اور سروس اسٹیشنوں پر گھوم پھر کر اس بات کا اندازہ لگایا کہ خواتین آئندہ مرحلے میں گاڑیوں کی اصلاح و مرمت، پٹرول بھروانے اور اچانک پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے سلسلے میں کیا کچھ کررہی ہیں۔