Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ: اسکول کے بچوں کو سوشل میڈیا کی افادیت بتانے کا پروگرام

لندن..... سوشل میڈیا آج کل دنیا میں جتنا مقبول اور معروف ہے بہت سے لوگ بالخصوص بچے اتنے ہی اس کے بارے میں لاعلم قرار دیئے جاسکتے ہیں۔ اسکول جانے والے بچوں کی اکثریت ٹھیک سے سمجھ نہیں پاتی کہ سوشل میڈیا کیا ہے۔ اسکی افادیت کیا ہے؟ اور اسکے کیا، کیا نقصانات ہوسکتے ہیں۔ اب برطانیہ میں کام کرنے والی مختلف سوشل میڈیا کمپنیوں نے بچوں کیلئے ایک خاص پروگرام تیا رکیا ہے جس کے ذریعے بچوں کو کچھ مبادیات سے آگاہ کردیا جائیگا جنہیں آپ رہنما اصول بھی کہہ سکتے ہیں۔ ان کمپنیوں نے اساتذہ کیلئے بھی ایسے پروگرام مرتب کئے ہیں کہ بچوں کو کس طرح پڑھایا جائے اور کس طرح تربیت دی جائے۔ اس سلسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اساتذہ کو بچوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل رہیں تو وہ اپنے فرائض بہتر طور پر انجام دے سکیں گے اور بچوںکو اپنے ٹیچروں سے خاطر خواہ مدد مل سکے گی۔ اس منصوبے میں فیس بک، انسٹا گرام، یوٹیوب، اسنیپ چیٹ اور و اٹس ایپ شامل ہیں۔ انگلینڈ کیلئے بچوں کی کمشنر اینی لانگ فیلڈ کا کہنا ہے کہ اب تک سوشل میڈیا کی بڑی کمپنیوں نے بچوں اور نئی نسل کی طرف سے اپنے اوپر عائد ہونے والی ان ذمہ داریوں کو خاطر خواہ طریقے سے پورا نہیں کیا جو انہیں کرنا چاہئے تھا۔

شیئر: