اسلام آباد... عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے انتخابی اصلاحات بل 2017کی منظوری سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے درخواست پر فیصلہ آنے تک سابق وزیراعظم نواز شریف کو بطور مسلم لیگ (ن)کے صدر کام سے روکنے کی استدعا کردی۔ شیخ رشید کی جانب سے بیرسٹرفروغ نسیم کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سینیٹ میں الیکشن بل 2017منظور کرنا قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ انتخابی اصلاحات قانون 2017کی سیکشن 203اورسیکشن 232کالعدم قرار دیا جائے ۔ سپریم کورٹ سے نااہل ہونے والے شخص کےلئے قانون میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔ مسلم لیگ (ن) پارٹی صدر کے انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے ۔شیخ رشید نے اپنی درخواست میںمزید موقف اپنایا کہ انتخابی اصلاحات قانون میں سے ختم نبوت کا قانون ختم کرنا اسلامی قوانین اور آئین کے آرٹیکل2اے اور 10اے کی خلاف ورزی ہے ۔ درخواست میں مسلم لیگ(ن) ، نواز شریف ، سیکرٹری سینیٹ ، سیکرٹری قومی اسمبلی و دیگر کو فریق بنایاگیا ہے ۔دریں اثناءسپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ تاریخ میں ایسی نظیر نہیں ملتی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ترمیم کی گئی ہو۔نااہل کو اہل بنالیں تو نااہلوں کا جمعہ بازار لگ جائے گا۔