مملکت اور روس میں دفاعی معاہدے،ایران کو داخلی امور میں مداخلت سے روکنا ہوگا، شاہ سلمان
جمعرات 5 اکتوبر 2017 3:00
ماسکو۔۔۔۔۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے واضح کیا ہے کہ ایران کو خطے کے داخلی امور میں مداخلت بند کرنی پڑے گی۔ عالمی برادری روہنگیا کے مسلمانوں کے بحران حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے جمعرات کو ماسکو میں روسی صدر پوٹین سے ملاقات کے دوران واضح کیا کہ اکثر امور میں سعودی عرب اور روس کے نکتہ نظر میں مطابقت پائی جاتی ہے ۔ سعودی عرب روس کے ساتھ مل کر تیل کے نرخوں میں استحکام بحال کرنے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی و دہشت گردی کے انسداد اور اس کی مالی اعانت کے سوتے خشک کرانے کی کوششیں تیز کریں گے۔ فلسطینی عوام کی مصیبت ختم اور فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب طے شدہ اصولو ں کے مطابق یمنی بحران کے سیاسی حل کی اہمیت کو مانتا ہے۔ سعودی عرب روس کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق کے اتحاد و سالمیت کے تحفظ کو ضروری سمجھتے ہیں ۔ شاہ سلمان نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ مرکز قائم کرے اور شامی بحران جنیوا ون اور عالمی قرارداد 2254 کے مطابق طے کیا جائے۔ شاہ سلمان اور روسی صدر پوٹین نے کریملن میں جمعرات کو ملاقات کرکے باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ روسی صدر نے اس موقع پر کہا کہ روس سعودی تعلقات میں غیر معمولی تغیر آیا ہے اور شاہ سلمان کے دورہ روس سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے زبردست تحریک ملے گی۔ انہوں نے روس کے دورہ سے متعلق اپنی دعوت قبول کرنے پر شاہ سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ سلمان نے شاندار استقبال پر روسی صدر کیلئے ممنو نیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اپنے دوست ملک میں آمد پر خوش ہیں ۔ ہماری آرزو ہے کہ دونوں ملک عالمی امن وسلامتی اور بین الاقوامی معیشت کے فروغ کیلئے باہمی تعلقات مضبوط بنائیں۔ روسی صدر سے شاہ سلمان کی ملاقات کریملن کے بڑے ہال میں ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے پرجوش مصافحہ کیا پھر اپنے وفود کی معاونت سے مذاکرات کئے۔ روسی صدر نے اس موقع پر دونوں ملکوں کے تعلقات کی ابتدائی تاریخ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ سوویت یونین پہلا ملک ہے جس نے 1926 ء میں سعودی عرب کو تسلیم کیا تھا۔ شاہ سلمان اور صدر پوٹین کی موجودگی میں متعدد معاہدوں ، مفاہمتی یادداشتوں اور تعاون کے پروگراموں پر دستخط ہوئے۔ دونوں ملکوں نے ایک ارب ڈالر کے سرمائے سے مشترکہ انویسٹمنٹ فنڈ کے قیام کا فیصلہ کیا۔ روسی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کا سرمایہ بڑھانے کیلئے شراکت کا اعلان کیاگیا۔ روس کی سائبر کمپنی نے آرمکو کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے۔ روس اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے درمیان شراکت کا معاہدہ ہوا۔ بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کا پروگرام بھی طے کیاگیا۔ سعودی وزارت دفاع نے روس کے ساتھ اسلحہ سازی اور اسلحہ کے سودوں کا معاہدہ کیا۔ اس کے بموجب روس اسلحہ سازی کی ٹیکنالوجی سعودی عرب کو فراہم کرے گا۔ فریقین ترقی یافتہ فضائی دفاعی نظام کا پروگرام روبہ عمل لائیں گے۔ سعودی شہریوں کو عسکری صنعتوں میں تعلیمی و تربیتی پروگرام کرائے جائیں گے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے روسی صدر کو دورہ مملکت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔