Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی باکسر نے ترک چیلنجر کو ناک آوٹ کردیا

اسٹٹگارٹ:انٹرنیشنل باکسنگ آرگنائزیشن کے سپر مڈل ویٹ ورلڈ چیمپیئن برطانوی باکسر کرس یو بینک جونیئر نے ترکی کے چیلنجر ایونی یلدرم کو مقابلے کے تیسرے ہی راونڈ میں ناک آوٹ کرتے ہوئے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ جرمنی کے شہر اسٹٹگارٹ میں ہونے والے اس مقابلے سے قبل دونوں باکسرز کے حامیوں میں بھی زبردست جھڑپ ہوئی ۔کئی شائقین زخمی ہو گئے۔ کرس یو بینک فروری میں یہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے اب اس کا دفاع بھی شاندار انداز میں کیا۔ مقابلے کے پہلے ہی راونڈ میں یلدرم حریف کا زوردار پنچ لگنے سے رنگ میں گر گئے تھے یوں محسو س ہوا کہ وہ مقابلہ جاری نہیں رکھ پائیں گے تاہم ترک باکسر ریفری کی گنتی پوری کرنے سے قبل اٹھنے میں کامیاب ہو گئے ۔ اس کے بعد یلدرم نے مزید2راونڈ تک مقابلہ کیا لیکن تیسرے راونڈ میں کرس نے ایک مرتبہ پھر ان پر مکوں کی بارش کردی اور وہ اپنا دفاع کرنے میں ناکامی کے ساتھ رنگ میں گر گئے ۔ اس مرتبہ یلدرم کو اٹھنے کا موقع نہیں مل سکا اور ریفری نے برطانوی باکسر کی فتح کا اعلان کر دیا۔اس مقابلے سے قبل دونوں باکسرز کے حامیوں کے درمیان بھی خونریز جھڑپ ہو ئی جس کے دوران ایک دوسرے کے خلاف کرسیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ اس مار دھاڑ میں کئی افراد زخمی ہو گئے تاہم منتظمین صورتحال پر قابو پاکر مقابلہ شروع کرانے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ چند روز قبل دونوں باکسرز کی روایتی پریس کانفرنس کے دوران بھی ترک باکسر کے منیجرنے برطانوی ٹیم کے ایک رکن کے خلاف بدکلامی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس پر حملے کی کوشش کی تھی تاہم بیچ بچاو کرادیاگیا تھا۔ برطانوی باکسر نے رنگ میں کامیابی کے ذریعے اس کا جواب بھی دے دیا جبکہ جرمنی میں مقیم ترک کمیونٹی کے شائقین کو بھی سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔

شیئر: