سعودی اسپتالوں کا معیار یورپی صحت اداروں سے کم نہیں
ریاض (جاوید اقبال) معروف پاکستانی ڈاکٹر ارم قلبانی نے کہا ہے کہ مملکت کے شعبہ صحت نے قابل فخر پیشرفت کرلی ہے اور اس کے اسپتالوں میں مہیا کی گئی سہولتیں کسی طور یورپی یا امریکی اسپتالوں سے کم نہیں۔ تسنیم امجد کی طرف سے دیئے گئے اپنے شوہر ڈاکٹر منصور میمن کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان کے ایئر و نیول اتاشی گروپ کیپٹن ارشد مختار اور بزم ریاض کے صدر سید تصدق گیلانی کے علاوہ مدعوئین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ڈاکٹر ارم قلبانی نے کہا کہ مملکت کے شعبہ صحت کیلئے دوسرے ممالک سے بہترین ماہرین صحت کی خدمات مستعار لی گئی ہیں۔ طبی میدان میں بے مثال تحقیقی کام بھی ہورہا ہے۔ مستقلاً مملکت سے کینیڈا جانے کے موقع پر انہوں نے ریاض میں اپنے قیام کو زندگی کا سنہرا دور قرار دیا اور واضح کیا کہ انہیں پاکستانی خواتین کی تنظیموں کیلئے کام کرکے دلی اطمینان ہوا تھا۔ قبل ازیں میزبان تسنیم امجد نے مہمان خصوصی کی ریاض میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ شہر میں خواتین کی تنظیموں کی وہ روح رواں تھیں۔ انہوں نے ڈاکٹر ارم قلبانی اور ان کے شوہر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔