بلیا میں فرقہ وارانہ فساد پھوٹ پڑا، دفعہ 144 نافذ
لکھنؤ۔۔۔۔۔بلیا میں گزشتہ شب میں ہونے والے معمولی جھگڑے نے بھیانک فرقہ وارانہ فساد کی شکل اختیار کر لی ۔ہلاک تو کوئی نہیں ہوا لیکن 2نوجوانوں کی حالت نازک ہے جنھیں داخل اسپتال کر دیا گیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع کے رتسڑ قصبے میں گزشتہ شب میں 2نوجوانوں کی موٹر سائیکل ٹکرنے فرقہ وارانہ فساد کی شکل اختیار کر لی ۔رات ہی میں ایک نوجوان کو شدید زخم آئے لیکن جب اسے اسپتال لے گئے تو ڈاکٹروں نے اس کا علاج کرنے سے انکارکر دیا ۔اس کے بعد زخمی کے ساتھیوں نے حملہ آور کے گھر کو نذر آتش کر دیا ۔صبح ہوتے ہوتے فساد زیادہ بڑھ گیا اور قصبہ کی کئی دکانیں آگ کے حوالے کر دی گئیں ۔پورے قصبہ میں سناٹا پھیلا ہوا ہے اور غیر اعلان شدہ کرفیو نافذ ہے حکام نے دفعہ 144نافذ کردیا ہے ۔واضح ہو کہ گزشتہ ماہ بھی بلیا میں فرقہ وارانہ فساد ہو گیا تھا لیکن پولیس اس وقت بھی کنٹرول کرنے میں ناکام رہی تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ یوگی کی پولیس بالکل ناکارہ ہوچکی ہے ۔