’سات دن میں سب گنجے‘، انڈیا کے دیہات میں اچانک لوگوں کے بال کیوں جھڑ گئے؟
جمعرات 9 جنوری 2025 10:52
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
متاثرین کا کہنا ہے کہ ان کے بال تیزی سے جھڑنا شروع ہوئے اور ایک ہفتے کے اندر وہ گنجے ہو گئے۔ (فوٹو: نیوز بائٹس)
انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے ضلع بلدھانا کے تین دیہات کے کئی رہائشی پچھلے کچھ دنوں میں بال جھڑنے کے بعد ایک ہفتے کے اندر گنجے ہو گئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق محکمہ صحت نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ بڑے پیمانے پر بال گرنے کے پیچھے کھاد کے باعث آلودہ ہونے والا پانی ہے۔
اس حوالے سے حکام نے متعلقہ علاقوں سے پانی کے نمونے اور دیہاتیوں کے بالوں اور جلد کے نمونے جانچ کے لیے جمع کیے تھے۔
تین گاؤں جن میں بورگاؤں، کلواڑ اور ہنگنا شامل ہیں، ضلع بلڈھانہ کی تحصیل شیگاؤں میں واقع ہیں۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے مرد اور خواتین کے بال جھڑ رہے ہیں۔ ایک بار جب بال گرنا شروع ہو جائیں تو ایک ہفتے کے اندر انسان گنجا ہو جاتا ہے۔
گاؤں کے متعدد افراد نے ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں دکھایا گیا کہ کیسے بآسانی ان کے سر کے بال اکھڑ رہے ہیں۔ اکثر لوگوں نے اپنے سر پر موجود ’بالڈ سپاٹس‘ بھی دکھائے۔
تینوں دیہاتوں میں خوف و ہراس کی فضا پائی گئی جس کے بعد ضلعی صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے طبعی دورے بھی کیے۔
محکمہ صحت کی ٹیم کے مطابق ’تقریباً 50 افراد اس مسئلے میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹروں کو خدشہ ہے کہ یہ تعداد بڑھ سکتی ہے۔ جلد اور بالوں کے نمونے اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ بالوں کا یہ تیزی سے گرنا آلودہ پانی کے ساتھ ساتھ صحت کا مسئلہ بھی ہو سکتا ہے۔‘
چونکہ ڈاکٹر بڑے پیمانے پر بال گرنے کی وجہ کی نشاندہی کرنے کے لیے ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار کرتے ہیں، انھوں نے متاثریں سے کہا ہے کہ وہ اپنی صحت کا اچھی طرح خیال رکھیں۔
شیگاؤں کی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دیپالی راہیکر نے اس حوالے سے کہا کہ ’یہ مسئلہ آلودہ پانی کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ ہم نے نمونے اکٹھے کر لیے ہیں اور کسی نتیجے پر پہنچنے کے لیے ان کی جانچ کریں گے۔‘