Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: لینڈنگ کے بعد جیٹ بلیو طیارے کے لینڈنگ گئیر کمپارٹمنٹ سے دو لاشیں برآمد

متعدد واقعات میں مسافر طیاروں کے لینڈنگ گئیر کمپارٹمنٹ میں چھپ کر سفر کرنے کے دوران ہلاک ہوتے آئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں جیٹ بلیو کی پرواز کے لینڈنگ گئیر سے دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق ایئرلائن نے بتایا کہ نیویارک سے فلوریڈا کے شہر لاڈرڈیل جانے والی پرواز کے لینڈنگ گئیر کمپارٹمنٹ میں دو شخص مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
فلائٹ ٹریکر ڈیٹا سے ملنے والی تفصیل کے مطابق جیٹ بلیو کی فلائٹ 1801 نیویارک کے کینیڈی ایئرپورٹ سے پیر کو شام 7 بج کر 49 منٹ پر روانہ ہوئی اور رات 11 بجکر 10 منٹ پر فورٹ لاڈرڈیل ہالی ووڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔ 
ایئر لائن نے بتایا کہ لینڈنگ کے بعد طیارے کی جانچ پڑتال کی جا رہی تھی جس وقت لاشیں برآمد ہوئیں۔ البتہ ان افراد نے طیارے تک کیسے رسائی حاصل کی اس پر تحقیقات جاری ہیں۔
بروورڈ کاؤنٹی شیرف کے دفتر کا کہنا تھا کہ ’پیرامیڈیکس نے جائے وقوعہ پر دو افراد کو مردہ قرار دیا۔ یہ واضح نہیں بتایا گیا کہ دونوں افراد کتنی دیر سے لینڈنگ گیئر کے کمپارٹمنٹ میں موجود تھے۔‘
کینیڈی ایئرپورٹ کے انتظامات سنبھالنے والی نیو یارک اور نیو جرسی کی پورٹ اتھارٹی  نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ متعلقہ افراد نے طیارے تک کیسے رسائی حاصل کی ہو گی۔
منگل کی سہ پہر کو ایک نیوز کانفرنس میں، شیرف کے دفتر کے پبلک انفارمیشن آفیسر کیری کوڈ نے کہا کہ دونوں افراد مردہ حالت میں پائے گئے تھے اور ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ بروورڈ کاؤنٹی میڈیکل ایگزامینر کا دفتر ان کی موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم کرے گا۔
لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹس طیاروں کے پروں کے نیچے اور ہوائی جہاز کے اگلے حصے میں ہوتے ہیں اور اکثر لوگ اس کو چھپ کر سفر کرنے کے لیے استعمال کرتے آئے ہیں۔ ایئرلائن نے یہ بھی تصدیق نہیں کی کہ آیا کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد بھی اسی نیت سے سفر کر رہے تھے یا نہیں۔ 
لینڈنگ گیئر کے کمپارٹمنٹ میں چھپنے کی ایسی کوششیں ماضی میں جان لیوا ثابت ہوتی آئی ہیں۔ طیارے کے پہیوں کو کھولنے اور بند کرنے کے لیے ٹیک آف اور لینڈنگ کے وقت کمپارٹمنٹ بھی کھلتے اور بند ہوتے ہیں، اور اس دوران کمپارٹمنٹ میں چھپنے والے لوگوں کی اموات ہوتی ہیں جو لینڈنگ سے قبل کمپارٹمنٹ سے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
دوسری جانب اگر کوئی شخص کمپارٹمنٹ کے اندر چھپے رہنے کی کوشش کرتا ہے تو لینڈنگ گئیر کے واپس کمپارٹمنٹ میں بند ہونے سے اس کے کچلے جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی ساتھ کمپارٹمنٹ میں زیادہ درجہ حرارت، دباؤ میں تبدیلی اور آکسیجن کی کمی سے بھی موت واقع ہو سکتی ہے۔
حال ہی میں دسمبر 2024 میں شکاگو سے جانے والی یونائیٹڈ ایئر لائنز کی پرواز کے لینڈنگ گئیر میں بھی ایک لاش برآمد ہوئی تھی۔ 
ایک اور واقعے میں سنہ 2023 میں، الجزائر سے فرانس جانے والی کمرشل فلائٹ کے بعد ایک شخص لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ میں زندہ پایا گیا تھا۔
 

شیئر: