اسلام آباد..وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہے سیکیورٹی آپریشنز کیلئے وسائل فراہم کئے جارہے ہیں ۔ ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال 2013ءکے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔ہماری معیشت مستحکم ہے ہم تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی بجٹ پر عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کو معیشت پر بیانات اور تبصروں سے گریز کرنا چاہئے۔غیر ذمہ دارانہ بیان پاکستان کی عالمی ساکھ کو متاثر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی وصولی میں دگنا سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام پر جانے کی کوئی ضرورت نہیں ۔دریں اثناء وزیر داخلہ نے اسلام آباد احتساب عدالت میں بدنظمی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے نوٹس لیکر سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ جاری بیان کے مطابق احسن اقبال نے کہا کہ عدالت کے احترام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ ہنگامہ آرائی اور قانون ہاتھ میں لینے والے وکلاءقانون کے محافظ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہاکہ عدالت میں محدود گنجائش کے پیش نظر پاس جاری کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایاجائیگا ۔