Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستانی قونصلیٹ کی جانب سے تلنگانہ این آر آئی فورم کو توصیفی سند

حج میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے پر پذیرائی ، 4 سال سے خدمت کر رہے ہیں ، عبدالجبار
جدہ ( امین انصاری )ہندوستانی قونصلیٹ جدہ کی جانب سے حج 2017 ءمیں ہندوستان کی مختلف ریاستوں کی جانب سے حجاج کرام کی رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی تنظیموں کی پذیرائی کیلئے توصیفی اسناد دینے کی تقریب قونصل جنرل ہند محمد نور رحمان شیخ کی زیر صدارت قونصلیٹ میں منعقد کی گئی ۔ ہندوستان کی ریاست تلنگانہ کی تنظیم تلنگانہ این آر آئی فورم کے صدر محمد عبدالجبار کی قیادت میں 80 خادم الحجاج منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ میں شب و روز اپنی رضاکارانہ خدمات انجام دیں جس کو سراہتے ہوئے تنظیم کی پذیرائی کرتے ہوئے قونصلیٹ کی جانب سے فورم کے ذمہ داران کو قونصل جنرل ہند محمد نور رحمان شیخ نے توصیفی سندحوالے کی ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر محمد عبدالجبار نے کہا کہ گزشتہ 4 سال سے ہماری تنظیم حجاج کی رضاکارانہ خدمات انجام دے رہی ہے۔ امسال بھی اس تنظیم کی جانب سے 80 کارکنوں کا قافلہ منی ٰ، مزدلفہ اور عرفات میں شب و روز اپنی خدمات انجام دے چکا ہے جس کیلئے قونصلیٹ کی جانب سے ہماری تنظیم کو ایوارڈ دیا گیا جس کیلئے ہم قونصل جنرل ہند اور قونصلیٹ کے ذمہ داران کے بے حد مشکور ہیں ۔انہوں نے ہماری ہمت افزائی کی ۔صدر جبار نے کہا کہ ہماری خدمت قونصلیٹ کے تعاون کے بغیر نامکمل تھی ۔انہوں نے حج مشن اور قونصل حج شاہد عالم کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمارے کارکنوں کے رہنے اور جانے کے انتظامات میں ہماری بھرپور مدد کی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رضاکاروں کی تعداد آئندہ سال دگنی کردی جائے گی ۔ امسال خدام ریاض ، ینبع ، جبیل اور جدہ سے اپنی خدمات دینے ہمارے ساتھ شریک ہوئے جن کا ہم تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور وہ تمام کارکن اس ایوارڈ کے مستحق ہیں ۔ رسم پذیرائی کے موقع پر نائب صدر محمود مصری ، چیف پیٹرن میر عارف علی ، چیئرمین اعجاز احمد خان ، خازن محمد لئیق اور دیگر ممبران بھی موجود تھے ۔

شیئر: