الہ آبادیونیورسٹی انتخابات:سماج وادی پارٹی کی طلبہ تنظیم کامیاب
اتوار 15 اکتوبر 2017 3:00
لکھنؤ۔۔۔۔۔ مشرقی یوپی کی آکسفورڈ کہی جانے والی الٰہ آباد سینٹرل یونیورسٹی میں طلبا یونین کے الیکشن میں سماج وادی پارٹی سے منسلک طلبہ تنظیم نے صرف ایک سیٹ چھوڑ کر سارے اہم عہدوں پر قبضہ کرلیا ۔صدر کے عہدے پر ایس پی طلبہ تنظیم کے اونیش یادو نے شاندار کامیابی حاصل کی ۔جنرل سیکریٹری کے عہدے پر آر ایس ایس کی حامی ہندو شدت پسند جماعت ودیارتھی پریشد کا امیدوار صرف 66 ووٹوں سے جیت گیا ۔یونیورسٹی میں اتوار کو جشن کا ماحول تھا۔چاروں طرف سماج وادی پارٹی کے پرچم لہرا ئے گئے تھے ۔ یونین عہدیداروں کی حلف برداری ہوئی نیز سماج وادیوں کی کامیابی کو عام طلبا و طالبات کی کامیابی قرار دیتے ہوئے صدر یونین نے کہا کہ یہ سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کی ہدایات اور مشوروں کی جیت ہے۔ اس جیت کو لے کر یوپی میں جگہ جگہ جائیں گے ،نوجوانوں کو فرقہ پرستی سے دور رہنے کا پیغام دیں گے۔