روس کا جدید فوجی سازوسامان
ماسکو ..... روس نے اپنے فوجیوں کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کرنے کے ساتھ انکی پوشاک اور لباس کو بھی بدلنے کی کوششیں شروع کردی ہیں اور اس حوالے سے جو نئے لباس تیار کئے گئے ہیں انہیں اسٹورم ٹروپرکا نام دیا جارہا ہے جو طوفانی تیزی سے اپنے دشمنوں پر ٹوٹ پڑیں گے اور اسے تہس نہس کرکے رکھ دیں گے۔ اس اسٹورم ٹروپر نامی جدید زرپوش کی ہر چیز انوکھی اورنرالی ہے۔ اب ان فوجیوں کو جو لباس پہنایا گیا ہے اس میں انکے ہیلمٹ بھی اسمارٹ ٹیکنالوجی کا شاہکار نظرآتے ہیں۔ انہیں ایسی گھڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں جو ایٹمی دھماکوں کی صورت میں بھی حفاظتی خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ روسی فوجیوں کا نیا لباس جسے مقامی زبان میں رتنک سوٹ کا نام دیا گیا ہے ابھی حال ہی میں ماسکو کی نیشنل یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ یہ پورا لباس کالے رنگ کا ہے۔ جس میں خاص قسم کا شیشہ بھی ہے جس سے فوجی باہر کا منظر دیکھ سکتا ہے اس میں ریڈیو کیبل بھی نصب ہے۔ سردست اسے صرف ماڈل فوجیوں کو پہنا کر دیکھا گیا ہے جسکے بعد ان فوجیوں کی شکل و صورت انتہائی ہیبتناک ہوگئی ہے۔ انہوں نے سیاہ دستانے پہن رکھے ہیں جن میں آتشیں اسلحہ موجود ہیں۔اسلحہ کو خاکی رنگ کی چیزوں سے ڈھانپا گیا ہے اور روس کا قومی پرچم بھی اس پر موجود ہے۔ اسے دیکھنے والوں کاکہناہے کہ بظاہر یہ کوئی اسٹار وار کا کردار نظر آتا ہے مگر یہ ایسا فوجی لباس ہے جو روس مستقبل میں ہونے والی کسی بھی جنگ میں اپنے فوجیوں کو فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔اس لباس کی ایک اور خاصیت یہ ہے کہ اسے پہننے والے کی طاقت اور دم خم میں اضافہ ہوتا ہے۔ زرہ اتنی مضبوطی سے بنا ہے کہ ایٹمی دھماکوں کا بھی اس پر اثر نہیں ہوسکتا۔مجموعی طور پر مستقبل کا یہ روسی فوجی لباس اپنی مثال آپ ہے۔