Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا پاکستان میچ میں وائرل ہونے والی ہاردک پانڈیا کی لگژری گھڑی کی قیمت کیا؟

ہاردک پانڈیا اپنی لگژری گھڑیوں کی کلیکشن کے باعث پہلے بھی خبروں میں رہ چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا اور پاکستان کا میچ اس وقت دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ 
اتوار کو دبئی کے کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے اس ہائی والٹیج میچ میں انڈین فاسٹ بولر ہاردک پانڈیا کی گھڑی کے بھی چرچے ہو رہے ہیں۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ہاردک کا بولنگ کرواتے ہوئے ایک سکرین شاٹ وائرل ہوا ہے جس میں انہیں دنیا کی ایک مہنگی ترین گھڑی پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔ 
راہل دیشپندے نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہاردک پانڈیا نے ممکنہ طور رچرڈ میل کی RM 27-02 ٹوربیلون رافیل نڈال گھڑی پہن رکھی ہے جس کی قیمت 7 کروڑ انڈین روپے ہے۔ 
راہل نے لکھا ’پاکستان اور انڈیا کا یہ میچ واحد میچ ہوگا جب میں کسی کرکٹر کو اتنی مہنگی لگثری گھڑی پہنے دیکھ رہا ہوں۔ 

پوسٹ میں مزید لکھا گیا ’اگرچہ ٹینس میچوں اور ایف ون ریس کے دنوں میں ایسی گھڑیاں دیکھنا عام بات ہے، لیکن اگر یہ رجحان برقرار رہتا ہے تو کرکٹ اگلا بڑا سپورٹ بن سکتا ہے۔ تاہم، یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا الٹرا لگژری واچ برانڈز کرکٹ جیسے کھیل کو قبول کریں گے جسے معاشرے کے تمام طبقات شوق سے دیکھتے ہیں۔‘
’میں یہ جاننا پسند کروں گا کہ کیا ایسی دوسری مثالیں ہیں جہاں کرکٹرز نے میچ کے دوران رولیکس، آڈیمارس پیگیٹ، رچرڈ مل، یا اس جیسی لگژری گھڑیاں پہنی ہوں؟‘
یاد رہے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ ہاردک پانڈیا کی گھڑی کا ماڈل کون سا ہے، البتہ وہ پہلے بھی اپنی لگژری گھڑیوں کی کلیکشن کے لیے خبروں میں آتے رہے ہیں۔
یہاں جس ماڈل کی گھڑی کا سوشل میڈیا پر ذکر کیا جا رہا ہے اس کی قیمت تقریبا 8 لاکھ ڈالر ہے جو پاکستانی روپے میں 22 کروڑ سے زائد بنتے ہیں۔

شیئر: