لندن میں بلدیاتی کونسلوں کا پینشنرز کی دیکھ بھال کا نیا طریقہ
اسیکس.... برطانوی محکمہ سماجی بہبود کے تحت چلنے والے مختلف بلدیاتی ادارے ان دنوں مالی پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ اسکی وجہ سے انکاعملہ تنہا رہنے والے معمر پینشنر کی خیریت دریافت کرنے کیلئے انکے پاس جاکر ان سے ملاقات کرنے میں دشواریاں محسوس کررہے ہیں۔ اب اسیکس کی بلدیاتی کونسل نے مالی پریشانیوں سے نجات کے ساتھ ساتھ اپنا کام بخوبی انجام دینے کی غرض سے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے فیصلے کے تحت کونسل کا نگراں عملہ ان بوڑھے اور ضعیف لوگوں سے براہ راست ملاقات نہیں کریگا بلکہ انکی خیریت اور حالات کے بارے میں وڈیو چیٹنگ کے ذریعے تفصیلات معلوم کی جائیں گی۔ بظاہر یہ ایک اچھا منصوبہ ہے مگر اس کے معترضین بھی پیدا ہوگئے ہیں جن کا کہناہے کہ آمنے سامنے ہونے والی گفتگو اور ملاقات کا کوئی بدل نہیں ہوسکتا۔ ملاقات کی صورت میں تنہا رہنے والے افراد کو یقین ہوتا ہے کہ انکا خیال رکھنے والا کوئی موجود ہے۔ وڈیوگفتگو انکے حوصلے نہیں بڑھا سکتی۔