نئی دہلی ..... ہندوستانی دارالحکومت کے نواحی علاقے میں رہنے والی ایک لڑکی سمن کماری اچانک ایک ایسی بیماری میں مبتلا ہوگئی جسکے علاج کی ساری کوششیں ضائع ہوتی رہیں اور رفتہ رفتہ اس لڑکی کے گال، ٹھڈی، جبڑے پھولتے چلے گئے اور پورا چہرا سوج کر رہ گیا۔ اپنی بدہئیتی سے پریشان ہوکر لڑکی نے خود کو گھر میں بند کرلیا کیونکہ اسے کہیں آتے جاتے لوگوں کی مضحکہ خیز نظروںکا سامنا کرنا پڑتا تھا اور وہ اس صورتحال سے نجات چاہتی تھی۔ سمن کا کہناتھا کہ 10سال کی عمر سے اسے اندازہ ہونے لگاتھا کہ اس کا چہرہ بگڑ رہا ہے۔ صورتحال کی وجہ سے اسے گزشتہ سال اسکول بھی چھوڑنا پڑا کیونکہ دوسرے ہم جماعت اسکا بھرپور مذاق اڑاتے تھے۔ اب وہ سرجری کے ذریعے اپنا پرانا چہرہ واپس حاصل کرنا چاہتی ہے تاہم سردست کسی اسپتال یا ڈاکٹر کی جانب سے ایسی کوئی پیشکش سامنے نہیں آئی کہ اسے اس خفت میں مبتلا کردینے والے چہرے سے نجات حاصل ہو اور وہ عام لڑکیوں کی طرح رہ سکے۔ والدین کا کہناہے کہ بگڑے ہوئے چہرے کی وجہ سے اس کا رشتہ ملنا بھی مشکل ہورہا ہے۔