Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کے باہر داخلے کے 10گیٹ بنائے جائیں گے، اتھارٹی کا فیصلہ

ریاض.... ریاض ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اپنے سربراہ اور گورنر کی زیر صدارت اجلاس میں دارالحکومت کے باہر داخلے کے 10گیٹ بنانے اور شہر کے محلوں سے خلاف قانون شوروم اور غیر قانونی سرگرمیوں کے مراکز ختم کرانے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس صدر دفتر میں منعقد ہوا۔ اتھارٹی میں منصوبہ جات کے مرکز کے سربراہ ابراہیم السلطان نے بتایا کہ ریاض شہر ، قصیم ، دمام ، الخرج اور جدہ کو جوڑنے والی شاہراہوں پر 4بڑے ریاض گیٹ قائم ہوں گے جبکہ صلبوخ، الجنادریہ، خریص، الحائر، الحوطہ اور دیراب روڈ پر 5ذیلی باب الریاض بنائے جائیںگے۔ دسواں گیٹ دمام ریلوے اسٹیشن کے سامنے ہو گا ۔ اتھارٹی کے اجلاس میں النسیم کار شورومز کے معاملات ٹھیک کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ شہر کے مختلف محلوں میں مختلف سرگرمیوں کے مراکز ہٹانے کا بھی حکم دیدیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ریاض گیٹ جدید ترین خدمات سے آراستہ ہوں گے۔ وہاں شہری دفاع ، ایمبولینس، مسجد ،طہارت خانے ہوںگے۔ دکانیں ، پٹرول اسٹیشن، ریستوران، چائے خانے، ہوٹل ، سیکیورٹی و ٹریفک پوسٹیں بھی ہوں گی جبکہ راستہ عبور کرنے کیلئے پل بنائے جائیںگے۔ شہر سے گزرنے والے ٹرکوں کیلئے متبادل سڑکیں بنائی جائیں گی۔ ریاض شہر کا نیا اسٹراٹیجک پلان تیار کرنے کا ٹھیکہ دیا جائے گا۔ ریاض میں کنگ عبدالعزیز پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کی تکمیل کے بعد شہر میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ اتھارٹی اجلاس کے شرکاءنے ریاض میں تعمیراتی سسٹم کے مشترکہ کوڈڈ میپ کی بھی منظوری دیدی۔ 
 

شیئر: