Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

10واں ایشیا ہاکی کپ: پاکستان کی ہند کیخلاف 0-4سے شکست

  ڈھاکا:ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں جاری 10ویں ایشیا ہاکی کپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں روایتی حریف پاکستانی ٹیم کو0-4سے شکست دیتے ہوئے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ مولانا بھاشانی ہاکی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں دونوں ٹیموں نے ابتدا ءمیں دفاعی انداز اپنائے رکھا جس کی وجہ سے پہلے دونوں کوارٹرز میں کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ میچ کے39 ویں منٹ میں ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کے خلاف عمدہ موو بنائی اور ستبیر سنگھ کے ذریعے گول کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ حیرت انگیز طور پر ابتدائی کوارٹرز میں ڈٹ کر مقابلے کرنے والے پاکستانی کھلاڑی آخری دونوں کوارٹرز میں اس کارکردگی کا اعادہ نہ کر سکے۔ جس کا مخالف ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔آخری کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم نے یکے بعد دیگرے 3 گول کر کے پاکستانی ٹیم کے تھکے ہوئے کھلاڑیوں کے میچ میں واپسی کے تمام راستے بند کردیئے۔ یہ گول رمنپریت سنگھ اور للت اوپڈے نے میچ کے 51ویں اور 52ویں منٹوں میں کئے۔ ہندوستانی ٹیم کاچوتھا گول گجرنت سنگھ نے کھیل ختم ہونے سے 3 منٹ پہلے کیا۔ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کو بھی گول کرنے کے متعدد مواقع ملے لیکن فاروڈز نے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔یاد رہے اس سے قبل ایشیا کپ کے پہلے راونڈ کے میچ میں بھی ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے زیر کیا تھا۔پاکستانی ٹیم اب تیسری اور چوتھی پوزیشن کا میچ کھیلے گی۔ ایشیا کپ کا فائنل ہند اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شیئر: