13ہزار کا مکان 40لاکھ پونڈ میں
لندن... نشاۃ ثانیہ ایک ایسا عمل ہے جو تاریخ ، واقعات ، تعمیرات ، نفسیات اور زندگی کے تمام شعبوں سے متعلق ہوسکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ تعمیرات کے شعبے میں بھی نشاۃ ثانیہ کا عمل بڑی شان سے شروع ہوا ہے۔ بنیادی طور پر نشاۃ ثانیہ کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ پرانی باتوں اور پرانی چیزوں کو بالکل نئے رنگ روپ میں پیش کیا جائے۔ چنانچہ یہاں رہنے والے ایک شخص نے جو انتہائی صاحب ذوق ثابت ہورہے ہیں 30سال قبل ایک گھر خریدا اوراتنے ہی برسوں سے وہ اسکی تزئین و آرائش کررہے ہیں اور اطلاعات کے مطابق کام اب بھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ برسہا برس کی آرائش و زیبائش کے بعد 13500پونڈ میں خریدے جانے والے اس مکان کی قیمت 40لاکھ پونڈ تک جاپہنچی اور اسے دیکھنے پر وینس کے کسی محل کا گمان ہوتا ہے۔ ٹریور وائن جونز نامی شخص نے یہ مکان جو وراسبری قصبے میں واقع ہے،روم اور وینس کی تعمیرات سے متاثر ہوکر اسے بنانے اور اسکی آرائش کرنے میں مصروف رہے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ عہد روما کی تاریخ اور تعمیر دونوں سے وہ بیحد متاثر ہیں اور اپنے اسی ذوق کی تکمیل کیلئے انہوں نے اتنی جدوجہد کی ہے۔ معمولی مکان کو شاندار شکل و صورت دینے میں ماہر قسم کے پیشہ ور بلڈرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو آئے دن ان کے خیال اور خواب کے مطابق اسے نیا رنگ و روپ دیتے رہتے ہیں۔ اب یہ عالیشان مکان دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے مگر اسکے مالک کو اب بھی اطمینان نہیں ہوا اور وہ اس میں مزید تبدیلی کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ انکا کہناہے کہ وہ رومان پسند اور باذوق آدمی ہیں۔ اچھی اور خوبصورت چیزوں کو پسند کرتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ جب معاملہ اتنا بڑھ گیا ہے تو اسے کچھ اور بڑھایا جائے تاکہ یہ مکان تعمیرات کی دنیا میں منفرد اور مناسب مقام حاصل کرلے۔