پاکستان ویمنز ٹیم کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکست
شارجہ: نیوزی لینڈ نے آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر2 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔جمعرات کو شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی بیٹنگ بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی اور پوری ٹیم 49.1 اوورز میں 147 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔37ویں اوورمیں پاکستان کی 7کھلاڑی113پر آوٹ ہو چکی تھیں۔پاکستان کی جانب سے ناہیدہ خان 39، کپتان بسمہ معروف 36 اور ثنا ء میر 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ 6کھلاڑی ڈبل فگر میں نہ پہنچ سکیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے امیلا کیر نے 3 جبکہ ہینا رو اور لی کیسپیرک نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم نے آسان ہدف 24 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنر سوفی ڈیوائن نے 8چوکوں کی مددسے 62 رنز کی خوبصورت اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔جویریہ خان نے 2اور سعدیہ یوسف نے ایک وکٹ حاصل کی۔سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 5نومبر کو شارجہ میں ہی کھیلا جائے گا۔