بڈاپسٹ۔۔۔ ہنگری کے دارالحکومت بڈا پسٹ میں مقامی افراد میں مسلمانوں اور مساجد کے بارے خصوصی معلوماتی واک کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب ہنگری کی حکومت مہاجرین مخالف پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں یہ معلوماتی واک ایک سیاحتی کمپنی سیٹاموہلی نے شروع کی ہے۔ اس کمپنی نے مختلف نوعیت کی 30 واکس کا پروگرام تیار کیا ہوا ہے اور شرکاء کی پسند کی روشنی میں انہیں ترتیب دیا جاتا ہے۔ ان میں خاص طور پر ہنگری کے شہری شامل ہو رہے ہیں۔ اس معلوماتی واک کے تحت مسلمانوں کے ساتھ ساتھ یہودی مذہب اور عبادت خانوں کے بارے میں بھی شرکاء کو تفصیل فراہم کی جاتی ہے۔ اس معلوماتی واک کو ہنگری کے عام لوگوں نے خاص طور پر پسند کیا ہے۔ معلوماتی واک کا انتظام کرنے والی کمپنی سیٹاموہلی کی خاتون سربراہ انا لینارڈ کا کہنا ہے کہ ایسی واک کی مقبولیت میں اضافہ بنیادی معلومات کی فراہمی کی وجہ سے ہوا ہے کیونکہ لوگوں کو مسلمانوں کے مذہب اور مساجد کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا۔