تارکین وطن کے مسائل سے آگہی ،بہت جلد نئی حج پالیسی بنائیں گے،وزیر اقلیتی امور
جدہ ( امین انصاری ) جدہ میں قائم اوورسیز سامنوایا گروپ کے صدر وریاست تلنگانہ کی بی جے پی کے رکن عاملہ محمد شوکت اللہ نے دہلی میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور وحج واوقاف مختار عباس نقوی سے ملاقات کرکے انہیں مملکت میں مقیم ہندوستانی این آر آئیز کے مسائل پر بریفنگ دی ۔ انہوں نے مرکزی وزیر اقلیتی برائے حج کو2017ء کے کامیاب حج پر مبارکبا د دیتے ہوئے قونصلیٹ جدہ کے حج مشن کی کارکردگی کو سراہا ۔ انہوںنے کہا کہ امسال جو سہولیات حاجیوں کو دی گئیں اس سے حجاج بہت خوش تھے ۔ مرکزی وزیر حج مختار عباس نقوی نے اس ضمن میں کہا کہ وہ بہت جلد نئی حج پالیسی بنائیں گے نیز سعود ی عرب میں مقیم ہندوستانیوں کی حج پر روانگی کے سلسلے میں بھی بہتر اقدامات کریں گے ۔ اس کے علاوہ جو رضاکارحجاج کی خدمت کرنا چاہتے ہیں ان کے سلسلے میں ایک مستقل لائحہ عمل قونصلیٹ جدہ کی مدد سے تیار کرینگے ۔ مرکزی وزیر عباس نقوی نے شوکت اللہ کو یقین دلایا کہ ہندوستان سے عمرہ پر جانے والے مسلمانوں کیلئے بھی جامع اور مکمل لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ اس موقع پر صدر سامنوایا گروپ شوکت خان نے اقلیتوں کے دیگر امور پر بھی سیر حاصل گفتگو کی اور مرکزی وزیر سے اپیل کی کہ وہ وطن واپس آنے والے این آرآئیز کے مستقبل کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔ اس موقع پر انہوں نے مرکزی وزیر کو جدہ آنے کی دعوت بھی دی ۔