ریاض.... گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر نے سعودی آثار قدیمہ فورم کے پہلے اجلاس کا بدھ کو وزرائ، سفراءاوراعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں افتتاح کر دیا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آثار قدیمہ فورم کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ شاہ سلمان نے فورم کے شرکاءکے نام پیغام میں کہا کہ سعودی عرب اسلام کو اپنا نظام حیات مانے ہوئے ہے۔ میانہ روی کے عقیدے پر گامزن ہے۔ اسلامی عرب تشخص کے نمائندہ تاریخی مقامات اور آثار قدیمہ کی حفاظت کا عزم کئے ہوئے ہے۔ شاہ سلمان کا پیغام گورنر ریاض نے پڑھ کر سنایا۔ انہوںنے واضح کیا کہ چند سال کے دوران سعودی عرب کے ورثے سے متعلق کافی کارنامے انجام دیئے گئے۔ مملکت کو تمام سطحوں پر غیر معمولی اور بے نظیر تاریخی ورثے کی موجودگی اور مملکت کے تمام علاقوں میں تاریخی انکشافات پر فخر ہے۔ ممتاز سعودی ماہرین تاریخی کھدائیوں کے عمل کی قیادت کر رہے ہیں۔ محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے سربراہ شہزادہ سلطان بن سلمان نے کہا کہ آثار قدیمہ فورم بڑا عالمی واقعہ ہے۔ یہ ہمارے وطن عزیز کی بین الاقوامیت سے مطابقت رکھتا ہے۔ فورم کے بنیادی مخاطب عظیم الشان تمدنی ورثے کے مالک سعودی شہری ہیں۔ فورم میں کنگ عبدالعزیز اکیڈمی ، وزارت داخلہ ، وزارت بلدیات و دیہی امور، وزارت تعلیم ، وزارت ثقافت و اطلاعات، کنگ یونیورسٹی، حائل یونیورسٹی، گیزینو یونیورسٹی، سعودی آرامکو، ریاض میونسپلٹی، التراث فلاحی ادارہ ، سعودی جیولیوجیکل بورڈ اور کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری شریک ہے۔ اس موقع پر سعودی عرب کی بابت تمدنی حقائق پر ایک کتاب اور 33دیگر اہم کتابوں کی رونمائی ہو گی۔ فورم میں شریک ماہرین آثار قدیمہ نے بتایا کہ قدیم حج و تجارتی شاہراہیں مکہ ، مدینہ کو دنیا بھر کے ملکوں سے جوڑے ہوئے تھیں۔ یہ شاہراہیں عالمی معیشت کے فروغ میں حصہ لے رہی تھیں۔ ان شاہراہوں نے انسانی معاشرے کی سیاست ، معیشت او رثقافت پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔ ماہرین نے توجہ دلائی کہ قدیم حج شاہراہوں کے قصے کہانیاں اور معلومات مسلمانان عالم کے ذہنوں میں رچی بسی ہوئی ہیں۔ فورم کے اجلاس آج 9نومبر کو بھی جاری رہیں گے۔