الگاروے .... پرتگال کے اس تفریحی مقام پر سیر و سیاحت کیلئے آئے ہوئے لوگوں نے ساحل پر ایک عجیب و غریب ڈھانچہ دیکھا تو مقامی پولیس اور سائنسدانوں کو اطلاع دی گئی جنہوں نے بتایا کہ یہ اب سے 8کروڑ سال قبل کی خاص قسم کی شارک ہے جسے اسکی ساخت کی وجہ سے فریلڈ شارک کہا جاتا ہے اور یہ اس زمانے میں عام سمجھی جاتی تھی جب کرہ ارض پر ڈائنا سور ہر طرف دندناتے پھرتے تھے۔کہا جاتا ہے کہ سائنسدانوں کی ٹیم بھی علاقے میں موجودتھی جو الگاروے کے ساحل پر بالکل خاص لیکن الگ قسم کے پروجیکٹ پر کام کررہی تھی کہ اسی دوران ان لوگوں نے زمانہ ماقبل تاریخ کی ایک شارک کو پکڑلیا۔ فریلڈ شارک کے نام سے مشہور یہ شارک دنیا میں اب تک پائی جانے والی قدیم ترین آبی مخلوق میں نمایاں ہے اور اس سے پہلے اس کے بارے میں کہیں سے کوئی اطلاع نہیں ملی۔ سائنسدانوں نے اس عجیب و غریب شارک کی جو تصویر جاری کی ہے اس میں شارک کے جسم کے علاوہ اس کے جبڑے کو نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے اورکروڑوں سال قبل پائی جانے والی شارک نسل سے تعلق رکھنے والی اس شارک کے جبڑے میں موجود تقریباً300دانتوں کی ترتیب حیران کن ہے اور دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔