ریاض.... لبنانی حزب اللہ کے وفادار شاعر ، فنکار ، فارس اسکندر نے خانہ کعبہ کے خلاف ہرزہ سرائی کرکے پوری عرب دنیا میں سوشل میڈیاپر غیض و غضب کی لہر دوڑا دی۔عرب ممالک کے باشندوں نے مطالبہ کیا کہ فارس اسکندر کوگرفتار کرکے نشان عبرت بنادیا جائے۔ مقاما ت مقدسہ کے خلاف زبان درازی پر مقدمہ چلایا جائے۔ اسکندر نے عرب دنیا کا موڈ دیکھتے ہوئے وڈیو کلپ جاری کرکے ہرزہ سرائی کو نیا رخ دینے کی کوشش کی ۔ اس نے کہاکہ میں نے خانہ کعبہ سے انتہائی محبت کا اظہار کرنے کیلئے اس قسم کی بات کہی تھی کہ اسے مکہ مکرمہ سے لبنان منتقل کردیا جائے۔ میں نے آرزو ظاہر کی تھی کہ کاش خانہ کعبہ لبنان بلکہ میرے اپنے گھر میں ہو۔ اسکندر نے اس کلپ میں بھی دہشتگرد تنظیم حزب اللہ کے دعوﺅں کی حمایت کرتے ہوئے سعودی عرب سے مطالبہ کیا کہ وہ ہمارے وزیراعظم سعد الحریری کو رہا کردے ۔ سلطان الحربی نے شیخ محمد بن زاید سے مطالبہ کیاکہ اسکندر کو خانہ کعبہ کے خلاف زبان درازی پر امارات میں بلیک لسٹ کردیا جائے۔ جیری ماہر نے کہا کہ کاش متحدہ عرب امارات محمد اسکندر اور اسکے بیٹے فارس کو اپنے یہاں کسی بھی تقریب میں شریک ہونے سے روک دیں۔ سلطان العتیبہ نے بتایا کہ اسکندر امارات میں بلیک لسٹ ہے۔ محمود ابو علی نے کہا کہ فارس اسکندر،حسن نصر اللہ کا گلوکار ہے۔ ایک اور شخص نے کہاکہ فارس اسکندر لبنانی جوکر ہے اسی لئے وہ خانہ کعبہ کے حوالے سے شرمناک باتیں کررہا ہے اور اس پر باقاعدہ گانا بنائے ہوئے ہے۔حزب اللہ کے ایک اور حامی نے مطالبہ کیا کہ فارس اسکندر کے گانے کی وڈیو بڑے پیمانے پر پوری عرب دنیا کو دکھائی جائے تاکہ انہیں پتہ ہو کہ خلیج اور مسلمانوں کے حقیقی دشمن کون ہیں۔