چین: ٹنوں سامان سے لدا ٹرک الٹ گیا
ژنجیانگ..... چین کے مشرقی صوبے ژنجیانگ میں ایک چوراہے پر ایک ہولناک حادثہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ٹنوں سامان سے لدا ایک ٹرک قریب سے گزرنے والی قیمتی شیورلیٹ کار پر الٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں کار بالکل تباہ ہوگئی مگر حیرت کی بات یہ ہوئی کہ اسے چلانے والی خاتون کے علاوہ اس میں سفر کرنے والی دوسری 2خواتین محفوظ رہیں۔ عینی شاہدین کاکہنا ہے کہ شیورلیٹ بالکل تباہ ہونے کے باوجود عورتوں کو معمولی زخم آئے او رانہیں معمولی مرہم پٹی کی ضرورت پیش آئی۔ مقامی ذرائع ابلاغ کا کہناہے کہ اب تک اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ حادثے کا اصل سبب کیا تھا۔ یہ حادثہ ڈونگ زو انڈسٹریل پارک کے قریب پیش آیاتھا اور حادثے کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے افراد بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔ اسی اثناءمیں فائر فائٹرز اور پولیس افسران بھی پہنچ گئے۔ پولیس کاکہناہے کہ کار میں سوار خواتین کو ایسے لدے ٹرک سے فاصلہ رکھ کر چلنا چاہئے کیونکہ بڑے ٹرک کا ڈرائیور چھوٹی گاڑیو ںکو ٹھیک سے نہیں دیکھ پاتا۔