31دسمبر تک آدھار کے بغیر راشن مل سکے گا
نئی دہلی۔۔۔۔۔آدھار کارڈ اور بایو میٹرک کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم ( پی ڈی ایس) کے تحت راشن نہ ملنے کی خبر وں پر مرکزی حکومت نے واضح کیا کہ 31دسمبر تک آدھار لنک نہ ہونے کے باوجود عوام مستفید ہوتے رہیں گے۔وزارت خوراک نے اس بارے میں کہا کہ آدھار لنک کو فروغ دینے کی ضرورت ہے لیکن فوڈ سیکیورٹی کے تحت ایسے لوگوں کو راشن سے محروم نہیں رکھا جاسکتا ۔ اتر پردیش کے بریلی شہر میں بھوک کی وجہ سے ایک خاتون اور جھارکھنڈ کے سمڈیگا میں 11سالہ بچی کی موت کی خبر کے بعد وزارت نے یہ ہدایت جاری کی ہے۔وزارت نے کہا کہ کنبہ کے سبھی افراد پی ڈی ایس کے تحت راشن یا اناج کی سبسڈی کے تحت نقدی پانے کے حقدار ہیں ۔ اگر نیٹ ورک کی خرابی یا دیگر تکنیکی وجوہ کی بنا پر آدھار کارڈ یا بایو میٹرک کارڈ لنک نہیں ہورہا ہو تو کارڈ دکھانے پربھی راشن دیا جائیگا۔