اسلام آباد...پاکستان اورچین کے درمیان پیر کو اسلام آباد میں اسٹریٹجک مذاکرات شروع ہوگئے۔ پاکستان کی سیکرٹری خارجہ اور چین کے خارجہ امور کے معاون وزیر اپنے ملکوں کے وفود کی قیادت کررہے ہیں۔ سیکرٹری منصوبہ بندی کمیشن شعیب صدیقی نے اس موقع پر کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بدولت دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ اقتصادی راہداری نے دونوں ملکوں کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے متعدد مواقع فراہم کئے ہیں۔ توانائی کے بنیادی ڈھانچے اورگوادر کے منصوبے مثبت انداز میں تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ اجلاس کی پہلی نشست میں پاکستان اور چین کے حکام اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں پر پیشرفت اور مستقبل کے منصوبوں کیلئے پیش کی جانیوالی تجاویز کاجائزہ لیں گے۔مستقبل کیلئے اہم مشترکہ منصوبوں کی منظوری دی جائے گی۔