مالدار سعودی تاجرو ں میں کھلبلی
ریاض ....امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ نے اطلاع دی ہے کہ مالدار سعودی شہریوں نے انسداد بدعنوانی مہم کا دائرہ وسیع ہونے کے خدشات کے پیش نظر اپنی تجارتی سرگرمیوں کا ڈھانچہ از سر نو ترتیب دینا شروع کردیا۔ 3ایسے بڑے تاجروں نے جو حراست میں نہیں لئے گئے مقامی و بین الاقوامی بینکوں سے رابطے کرکے اپنی کمپنیوں کا ڈھانچہ جدید خطوط پر استوار کرنے کی درخواست کی ہے۔ انکے سامنے ایک حل اثاثوں کو کئی ہولڈنگ کمپنیوں میں تقسیم کرنا ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ یہ حل کارگر ثابت نہیں ہوگا کیونکہ سعودی حکام مملکت میں تجارتی سرگرمیوں کی تمام جزئیات جمع کررہے ہیں۔ ایک رپورٹ یہ ہے کہ کئی مالدار سعودیوں نے خلیجی ممالک میں موجود اپنے اثاثے فروخت کرکے انہیں نقدی میں تبدیل کرلیا ہے اور بیرون مملکت جمع کرانے لگے ہیں۔