Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مودی دور جدید کے تغلق ہیں، سپر ایمرجنسی لگارکھی ہے، ممتابنرجی

 کولکتہ.... مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے اظہار ناراضی کرتے ہوئے وزیراعظم مودی کو جدید دور کا تغلق قرار دیا ہے۔ مغربی بنگال کی ریاستی دارالحکومت نے انڈیا ٹوڈے کانکلیو ایسٹ 2017 کی تقریب سے خطاب کرتے وقت وزیراعلیٰ جارحانہ انداز میں وزیراعظم کو آڑے ہاتھوں لے رہی تھیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو تغلق تو کہا ہی ساتھ ہی یہ بھی الزام لگایا کہ مرکزی حکومت صنعت کاروں کو مغربی بنگال میں سرمایہ کاری کرنے اور صنعتی یونٹ قائم کرنے کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ صنعتکاروں کو اکسایا جا رہا ہے کہ وہ مغربی بنگال سے دور رہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ممتا بنر جی نے کہا کہ جی ایس ٹی کو پارلیمنٹ میں صوتی ووٹ کے ذریعے منظور کرالیا گیا، ہم کہتے رہے جی ایس ٹی کو جلد بازی میں منظور نہ کرائیں، کیا آپ دور جدید کے تغلق ہیں؟کیا آپ کی جو مرضی ہے آپ وہ کریں گے؟ مرکز کی حکومت پر شدید تنقیدی حملہ کرتے ہوئے طیش بھرے انداز میں ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ آپ (مرکزی حکومت) کمپنیوں کو کہتے ہیں کہ مغربی بنگال میں سرمایہ کاری نہ کریں۔ وہ بنگال آنا نہیں چاہتے ۔ ہمارے تمام پروجیکٹس زیر التواءپڑے ہیں۔ ان اقتصادی وترقیاتی منصوبوں کو منظوری کیوں نہیں دی جا رہی ؟ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اس وقت سپر ایمرجنسی نافذ ہے او راسی کا دور چل رہا ہے۔ ہر صنعتکار کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ایسی حالت میں ہم کیسے کام کریں گے؟ تمام میڈیا پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ صورتحال کسی وقت بھی دھماکہ خیز بن سکتی ہے۔ انہوں نے ملک کے بنیادی حالات ”کوآپریٹو فیڈرل ازم “پر بھی سوال اٹھائے۔ وزیراعلیٰ نے فلم پدما وتی کے تنازع پر بھی اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے فلم ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی کو دعوت دی اور کہا کہ اگر وہ ملک میں کہیں بھی اپنی فلم پدما وتی کی نمائش نہیں کر سکتے تو پھر ان کا مغربی بنگال میں خیر مقدم ہے۔ ممتا نے کہا کہ بھنسالی اپنی اس فلم کا پریمیر بنگال آ کر کر سکتے ہیں۔ ممتا یہیں نہیں رکیں بلکہ انہوں نے کہا کہ تخلیق کاری کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور اس پر کسی طرح کی پابندی بھی نہیں لگائی جا سکتی۔ اگر پاکستان کے فنکار یہاں آنا چاہتے ہیں تو فن وثقافت کی اس دھرتی پر ان کا بھی خیرمقدم کیا جائیگا۔ 
 

شیئر: