صدسالہ تقریبات میں سعودی عرب سے بھی صحافیوں کو مدعو کیا گیا
* * * * ذکاء اللہ محسن۔ ریاض* * * *
ریاض ( ذکاء اللہ محسن)سعودی عرب میں مقیم معروف پاکستانی صحافی وقار نسیم وامق کوفن لینڈ کے صد سالہ جشن آزادی کے موقع پر حکومتِ فن لینڈ کی جانب سے سرکاری دورے اور تقریبات میں شرکت کیلئے منتخب کیا گیا اور صد سالہ تقریبات کے یادگاری بیچ سے بھی نوازا گیا۔ وہ پہلے پاکستانی صحافی ہیں جنہیں حکومتِ فن لینڈ کی جانب سے منتخب اور مدعو کیا گیاہے۔
فن لینڈ کے صد سالہ جشنِ آزادی تقریب پر5روزہ سرکاری دورے میں مختلف ملکوں سے خصوصی طور پر صحافیوں کو مدعو کیا گیا تھا جس میں سعودی عرب سے وقار نسیم وامق اور فطین عبید شامل تھے۔اس دوران مدعو کئے جانیوالے صحافیوں کو ہیلسنکی ا سکول، یونیورسٹی، لائبریری، نیشنل پارک، نیشنل سروس سینٹر، نوکیا ہیڈ کوارٹر، ٹیم فن لینڈ ہاؤس سمیت نمایاں حکومتی و کاروباری اداروں و مقامات کا خصوصی دورہ بھی کروایا گیا جبکہ فینیش اراکین اسمبلی، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی اور دیگر حکومتی، سیاسی، سماجی، کاروباری اکابرین سے خصوصی ملاقات کا اہتمام بھی کیا گیا ،علاوہ ازیں وفد کے اعزاز میں باقاعدہ عشائیہ بھی دیا گیا۔
اعزازی تقریب میںوقار نسیم وامق نے فن لینڈ کے دورہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فن لینڈ دنیا کے بہترین ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہے اور اپنی نت نئی، حیران کن اور موثر ایجادات کی بدولت دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔دورِ حاضر میں فن لینڈ تعلیم، صحت اور انرجی کے میدان میں کارہائے نمایاں انجام دے رہا ہے اور دنیا کو اس ضمن میں جدید ترین ٹیکنالوجی مہیا کر رہا ہے۔ ہمیں ان تجربات اور ٹیکنالوجیز سے بھرپور استفادہ حاصل کرنا چاہئے۔ انہوں نے حکومت فن لینڈاور سعودی عرب میں سفارتخانہ فن لینڈکا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سفیر فن لینڈپیکا ووٹیلائینن اور نائب سفیر ویلما پیلٹونن سمیت تمام منتظمین کے ممنون ہیں جنہوں نے صد سالہ جشن آزادی کے یادگار موقع پر انہیں منتخب کیا اور بہترین مہمان نوازی اور یادگاری بیچ سے انہیں نوازا۔