Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انجمن غلامان رسولؐ کے زیر اہتمام 14ویں سالانہ محفل حمد ونعت

محمد عرفان شفیق ۔ کویت
قرص زمین کی چھاتی پر بسنے والے اربوں مسلمان اپنے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفی سے والہانہ عقیدت و محبت کرتے ہیں اور جب آپ کی آمدبا سعادت کا ماہ ہمایوں ربیع الاوّل آتا ہے تو دُنیا بھر کے عشاقان مصطفی اپنے اپنے طریقے سے محافل حمد ونعت  کا اہتمام و انصرام کرتے ہیں۔ کویت میں بھی مختلف سیاسی،سماجی،دینی اور ادبی تنظیمات محافل کا انعقاد کر کے آقا دوجہاں، سرور سروراں ،سلطان مدینہ سے بے پناہ عقیدت کا اظہار کرتی ہیں۔
کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی مزید خبریں یہاں پڑھیں
کویت کی غیر سیاسی تنظیم انجمن غلامان رسول فحاحیل کے زیر اہتمام14ویں سالانہ محفل حمد ونعت محفل کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت حاجی نجم اقبال سرپرست اعلیٰ انجمن غلامان رسول فحاحیل نے کی جبکہ مہمانان گرامی میں کویت کی سیاسی سماجی دینی ادبی ثقافتی اور صحافی شخصیات کے علاوہ ہر مکتب فکر اور زندگی کے ہر شعبہ سے منسلک خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔خالد رشید چوہدری صدراے جی آرنے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور باقاعدہ آغاز کیلئے کویت کی سیاسی سماجی اور دینی تقریبات کے مقبول کمپیئر حکیم طارق محمود صدیقی کو محفل کی نقابت کیلئے اسٹیج پر آنے کی دعوت دی تو حاجی نجم اقبال سرپرست اعلیٰ اے جی آر،شریف خان جولانہ جنرل سیکرٹری اورمیاں محمد فاروق بانی اے جی آر نے حکیم طارق محمود کا استقبال کیا اور گلدستے پیش کئے۔ انہوں نے تمہیدی کلمات کے ساتھ اے جی آرکے ممبران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صحیفہ انقلاب قرآن حکیم برہان رشید کی لاریب آیات کی تلاوت کیلئے کویت کے معرؤف قاری حافظ عبدالوہاب کو دعوت دی تو انہوں نے تلاوت کلام پاک سے سماں باندھ دِیا۔ہال میں بیٹھے سامعین و حاضرین نے سبحان اللہ اور ماشاء اللہ سے انہیں داد دی ۔حمد باری تعالیٰ کیلئے اعجاز احمد مغل سلطانی آئے ان کے بعد حافظ اویس رمضان،حافظ فیصل ریاض،مجاہد حسین چشتی اور حافظ عبدالرؤف قادری نے بارگاہ معصومیت میں نذرانہ عقیدت پیش کئے۔محفل حمد نعت میں دوسری بار تلاوت کلام پاک کی سعادت کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیت قاری صہیب انجم نے حاصل کی ۔قاری صہیب انجم کا شمار اُن قراء حضرات میں ہوتا ہے جنہیں رب العزت نے بے شمار خوبیوں سے نوازا ہے ۔جب انہوں نے آیات بینات کی تلاوت کی تو سامعین و حاضرین کے لبوں پر ماشاء اللہ اور سبحان اللہ کا ورد تھا۔ ایک بار پھر حکیم طارق محمو د صدیقی مائیک پر آئے تو انہوں نے دوران نقابت ایسے اشعار پڑھے جنہیں سنتے ہی سامعین کی آنکھوں کے خشک جھروکوں سے سیلاب اشک امنڈنے لگے ۔لوگ فرط محبت سے سبحان اللہ کا ورد کرنے لگے۔
مزید پڑھیں:کویت: یکم دسمبر کو فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد ہوگا
قاری عبدالوحید خادمی کا شمار کویت کے صف اول کے نعت خواں حضرات میں ہوتا ہے وہ صرف اے جی آرکے زیر انتظام ہونے والی محفل کیلئے پاکستان سے خصوصی طور پر آئے۔ انہوں نے خوبصورت کلام سے محفل کو ایک نیا رنگ دیا ۔ان کی مسحور کن آواز دلوں پر راج کرتی ہے۔انہوں نے قلوب واذہان کو منورکیا۔اب باری تھی حضرت خواجہ معین الدین اجمیری ؒ کے دیس سے آئے ہوئے عالمی شہرت یافتہ ثناء خواں دلبر شاہی کی ،جب انہیں مائیک پر دعوت دی گئی تو انہوں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ انہوں نے مجمع کو ایسا قابوکیا کہ اول سے آخر تک بیٹھے ہوئے شخص تک ہر ایک کا جذبہ تازہ تھا۔
مزید پڑھیں:سیرتؐ کا پیغام اور فکر اقبال، کویت میں شاندارسیمینار
دلبر شاہی کے بعد عمرہ کیلئے قرعہ اندازی کی گئی،  15افراد کواے جی آر کی طرف سے عمرہ کیلئے بھیجا جائے گا۔محفل کے اختتام پر قاری خلیل احمد رضوی نے پاکستا ن اور کویت کی سلامتی کیلئے دعا کرائی،محفل حمد و نعت کے شرکاء کو محمد اشتیاق اورشہبازاحمدچیمہ کی جانب سے کھانا اور محمد اشفاق ورک کی طرف سے سبز چائے پیش کی گئی۔حاجی نجم اقبال نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔میاں محمد فاروق، خالد رشید چوہدری،شریف خان جولانہ،حاجی محمد مالک،سرفراز احمد خان،وقار علی،خلیل الرحمان،محمد الیاس،محمد سلیم کشنات والے،بلال عبدالمجید نے نے محفل حمد و نعت کو کامیاب بنانے کیلئے اہم کردار ادا کیا۔
 

شیئر: