کوئٹہ ...پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جو پشتون غیر جمہوری قوتوں کا ساتھ دے گا وہ بے غیرت ہے ۔ اگر نواز شریف وعدہ کریں کہ پارلیمنٹ طاقت کاسرچشمہ ہوگی ۔ یہاں آئین اورقانون کی حکمرانی اور عوام کو حقوق ملیں گے تو غیر مشروط ان ساتھ کھڑا ہوں۔ سردارعطاءاللہ مینگل کے پاس لیکر جانے اور نواب خیربخش مری کے بچوں کو واپس بلانے کیلئے تیار ہوں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر ادارے میں کرپشن ہے لیکن اگر کسی ایک شخص کے خلاف احتساب کے نام پر انتقام لیا جائے تو یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ۔کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اچکزئی نے کہا کہ نواز شریف ایسے وقت میں کوئٹہ آئے ہیں جب وہ زیر عتاب ہیں۔ بلوچستان کے عوام نے آج عظیم الشان جلسہ منعقد کرکے پشتونوں اوربلوچوں کا سرفخر سے بلند کردیا ۔انہوں نے کہا کہ آج ہم ایسے وقت میں ہیں جہاں ملک بدترین بحرانوں کا شکار ہے ۔ 70سال سے جاری جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کی چپلقش سنگین نوعیت پر آچکی ہے۔ ملک خطرناک حالات پر کھڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئین کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہوتا جسے کبھی بھی روند دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ آج سی پیک بنانے کی باتیں ہورہی ہیں۔ ایسے بحرانوں میں سی پیک کیسے کامیاب ہوگا۔ ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلاجارہا ہے۔ ججوں ،جرنیلوں ،صحافیوں،سیاستدانوں کی گول میز کانفرنس بلانی چاہئے جس میں یہ فیصلہ ہو کہ ماضی میں جو ہوا اسے بھول جائیں اور اب پاکستان کو مضبوط بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح ملک نہیں چل سکتا کہ ایک بھائی کو 6انچ کا چاقو رکھنے کی اجازت نہیں اوردوسرے بھائی کو 30کلاشنکوف اور کاغذ پکڑادیں کہ جاو جو کرنا ہے کرو ۔ پاکستان کو ناکام ریاست نہیں بننے دیں گے یہ ہمارا ملک ہے اس میں وہی ہوگا جو 20کروڑ عوام چاہیں گے ۔