ماسکو.... انسان ہو یا جانور ممتا ایک ازلی حقیقت ہے جس میں ہر ماہ مبتلا رہتی ہے اور اس کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ اس کے بچے جلد سے جلد اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں اور خود سے اپنی زندگی گزارنے کے قابل ہوسکیں۔ اسی قسم کا ایک واقع ماسکو کے انتہائی شمالی علاقے میں واقعہ ایک ایسے دریا کے قریب دیکھنے میں آیا جہاں کا پانی یخ بستہ تھا اور پورا دریا برف کے ٹکڑوں سے بھر چکا تھا تاہم چونکہ سالمن مچھلیاں بہت ہی کم پانی میں پائی جاتی ہیں اس لئے مادہ ریچھ نے بھی ایسی جگہ کا انتخاب کیا جہاں پانی زیادہ سے زیادہ 3فٹ تھا اور آہستہ آہستہ بہہ رہا تھا۔ اس حوالے سے جاری ہونے والی وڈیو میں صاف نظر آتا ہے کہ مادہ ریچھ نے اپنے بچوں کے سامنے سالمن پکڑی اور کھانے سے قبل اسے چیراپھاڑا اور لقموں کی شکل دیدی تاکہ اسکے بچے آسانی سے کھاسکیں۔ اس پورے مرحلے میں مادہ ریچھ اپنے بچوں کے ساتھ بڑے پیار و محبت سے پیش آتی رہی۔ بچے بھی اپنے’’ ڈنر‘‘ میں انتہائی تازہ سالمن مچھلی پاکر بیحد خوش ہوئے۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ اکثر یہ ماں اپنے بچوں کو ساتھ لیکر ہی اِدھر اُدھر گھومتی پھرتی ہے اور کم پانی والے حصے میں مچھلیاں پکڑنے کی کوشش کرتی ہے۔ مادہ ریچھ اپنے تینوں بچوں کو باری باری پکڑی ہوئی مچھلی کے ٹکڑے کرنے اور اسے نگلنے کے قابل بنانے کے طریقے سکھاتی رہی۔ حیرت انگیز تصاویر کمچاتکا علاقے کے وائلڈ لائف فوٹو گرافر روئی گیلیز نے اتاری ہیں اورنیٹ پر جاری کی ہیں۔ ڈنر کے بعد سارے بچے خوشی خوشی اپنی ماں سے لپٹے نظر آتے ہیں ۔ ممتا کا یہ مظاہرہ دیکھنے کے بعد لوگ حیرت کا اظہار کئے بغیر نہیں رہتے۔