کنگنا نے ”دیپیکا بچاﺅ مہم“ کی حمایت سے انکار کردیا
ہندوستانی اداکارہ کنگنا رناوت نے دیپیکا پڈوکون کو ملنے والی دھمکیوں کے خلاف جاری مہم کی حمایت کرنے سے انکار کردیا۔بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت جہاںاپنی حقیقی اداکاری کی وجہ سے خاصی مقبول ہیں ،وہیں وہ ہند میں خواتین کے حقوق کے خلاف آواز اٹھانے میں بھی پیش پیش رہتی ہیں لیکن انہوں نے فلم”پدماوتی“ کی وجہ سے دیپیکا پڈوکون کو ملنے والی دھمکیوں کے خلاف چلنے والی مہم کی حمایت کرنے سے انکار کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ دیپیکا کو انتہا پسند ہندوﺅں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے خلاف شبانہ اعظمی نے’ ’دیپیکا بچاﺅ‘ مہم شروع کر رکھی ہے جس کا مقصد وزیر اعظم سے دیپیکا پڈوکون کی جان کی حفاظت کا تحفظ کرانا ہے۔اس مہم کے حوالے سے بالی وڈ کے بڑے بڑے ستارے دستخط کرچکے ہیں جس میں ہیما مالنی، جیا بچن، کرینہ کپور، انوشکا شرما سمیت کئی اسٹارز شامل ہیں لیکن جب کنگنا رناوت کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے دستخط کرنے سے صاف انکار کردیا۔کنگنا کے دستخط نہ کرنے کی وجہ دراصل 2014 میں دیپیکا پڈوکون کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا جانا تھا جس میں دیپیکا نے کنگنا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے یہ ایوارڈ ان کے نام کردیا تھا لیکن یہ بات کنگنا کو ایک آنکھ نہیں بھائی تھی جس کی کسر انہوں نے اب نکالی ہے ۔کنگنا نے کہا کہ دیپیکا کو اگر اس وقت میری حوصلہ افزائی ہی کرنی تھی تو وہ مجھ سے ذاتی طور پر کہتیں جبکہ اس طرح سب کے سامنے ان کا یہ اقدام مجھے احساس کمتری میں مبتلا کرنے کے مترادف تھا۔