Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی خاتون گول کیپر کو ہراسانی واقعے کا نوٹس

  لوزین:انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پاکستانی خاتون گول کیپر کو ہراساں کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس بارے میں مکمل رپورٹ طلب کر لی ۔اطلاعات کے مطابق آئی او سی نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے کہا ہے کہ وہ رواں سال اکتوبر میں ہاکی ٹیم کی گول کیپر سیدہ سعدیہ کو مبینہ طور پر ہراساں کئے جانے کے واقعے سے متعلق مکمل تحقیقاتی رپورٹ فراہم کرے۔ گوجرہ سے تعلق رکھنے والی سیدہ سعدیہ نے اپنے وڈیو پیغام کے ذریعے کوچ سعید خان پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا جس کے جواب میں اپنا دفاع کرتے ہوئے سعید خان نے کہا تھا کہ گول کیپر کو 3 ملکی ٹورنامنٹ سے ڈراپ کیا گیا جس کی وجہ سے انہوں نے مجھ پر اس قسم کے بے بنیاد الزامات عائد کیے۔ بعد ازاں پی ایچ ایف ویمنز ونگ نے اس بارے میں ایک تحقیقاتی کمیٹی بنائی تھی اور کوچ کو گول کیپر کے الزامات سے بری قرار دیدیا تھا لیکن اب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اس بارے میں رپورٹ مانگ لی ہے۔اولمپک کمیٹی کا موقف ہے کہ ہراسانی کے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیق ہونی چاہیے اور اگر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سمجھتا ہے کہ پی ایچ ایف کی تحقیقات مناسب نہیں تو وہ ازسر نو تمام تحقیق کرنے کا مجاز ہے۔یاد رہے کہ ہاکی فیڈریشن انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن کے ماتحت ہے اور اس نے باقاعدہ اولمپک کے چارٹر پر دستخط کر رکھے ہیں جس میں خواتین کھلاڑیوں کو ہراساں کرنے کے حوالے سے سخت اقدامات کے قواعد موجود ہیں۔

شیئر: