جنیوا.... جنیوا میں انسانی حقوق کونسل نے سعودی عرب کی درخواست پر منگل کو ہنگامی اجلاس منعقد کیا۔ میانمار کے حالات خصوصاً روہنگیا کے مسلمانوں پر جبر و تشدد اور ظلم و ستم کے معاملے پر بحث ومباحثہ ہوا۔ 6لاکھ سے زیادہ روہنگیا مسلمان جبر و تشدد سے نجات حاصل کرنے کیلئے میانمار سے بنگلہ دیش منتقل ہو گئے۔ اجلاس کی درخواست سعودی عرب اور بنگلہ دیش نے کی تھی۔ 73ممالک نے تائید کی تھی۔ انسانی حقوق کونسل نے خلاف ورزیوں کے ثبوت جمع کرنے کیلئے میانمار میں تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ جاری کر دیا تھا۔ تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹوں میں واضح کیا گیا کہ میانمار کی فوج نے شمالی صوبے راکھان میں روہنگیا کے مسلمانوں پر انسانی حقوق کے حوالے سے زبردست خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا۔ قتل، خوں ریزی ، آبروریزی ، املاک کی تباہی ، مساجد پر حملے اور جبری نقل مکانی سمیت سب کچھ کیا گیا۔